حج شریف کے دن قریب آتے ہی ہر سال کی طرح اس سال بھی کعبہ کا غلاف 3 میٹر اوپر کر دیا گیا، یہ اس وجہ سے کی جاتی ہے تاکہ حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان نہ پہنچے۔
ایک سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب مسجد الحرام کی انتظامیہ نے نئے حج کے موقع پر غلافِ کعبہ کا نچلا حصہ اوپر اٹھا دیا ہے، ہر برس کی طرح اس سال بھی یہ کارروائی مسجد الحرام اور مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی مکمل کی گئی۔
مسجد الحرام کی انتظامیہ نے تقریباً 3 میٹر تک غلاف کعبہ اوپر کیا ہے جبکہ چاروں جانب سے 2 میٹر چوڑے سفید کاٹن کے کپڑے سے اٹھائے گئے غلاف کعبہ کو ڈھانپ دیا گیا۔
غلاف کعبہ اٹھانے کے کام میں غلاف کعبہ فیکٹری کے 50 ہنر مندوں نے حصہ لیا، یہ سب کارکن اس کام کے ماہر ہیں۔
اس سال بہت کم تعداد میں حجاج ہوں گے لہٰذا اس اقدام کا بنیادی مقصد زائرین کو کورونا وائرس سے بچانا ہے، حج ایام ختم ہوتے ہی غلاف کعبہ کو سابقہ پوزیشن میں بحال کر دیا جائے گا۔