چین سے جنم لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کو آئے ہوئے 7 ماہ ہوچکے ہیں تاحال کوئی ایسی ویکسین مارکیٹ میں نہ آسکی جو کورونا کا مکمل طور پر خاتمہ کرے۔
لیکن دوسری جانب روسی حکام نے کہا ہے کہ روس میں کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری حتمی مراحل میں پہنچ چکی ہے اور یہ آئندہ ماہ
مارکیٹ میں عوامی استعمال کے لئے فراہم کر دی جائے گی۔
روسی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ویکسین کے کلینکل ٹرائلز جاری ہیں اور ٹرائلز کا تیسرا مرحلہ مکمل ہونے سے قبل ہی اسے عام افراد کے لئے فراہم کردیا جائے گا۔
وزیر کے مطابق ویکسین کے بڑے پیمانے پر استعمال کی منظوری دئے جانے کے بعد ویکسین کی مزید کلینکل تحقیق بھی ساتھ ساتھ کی جاتی رہے گی۔
حکومتی ادارے رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو کرل دیمتری کا کہنا ہے کہ ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کا تیسرا مرحلہ 3 اگست سے شروع ہوگا جس میں ہزاروں رضا کار شرکت کریں گے۔
ان کے مطابق مقامی طور پر مذکورہ ویکسین کی 3 کروڑ ڈوزز تیار کی جائیں گی، لیکن چونکہ دیگر ممالک بھی اس ویکسین کی تیاری میں دلچسپی کا اظہار کر چکے ہیں تو بین الاقوامی اشتراک سے اس کی 17 کروڑ سے زائد ڈوزز تیار کی جاسکیں گی۔
خیال رہے کہ مذکورہ ویکسین روسی وزارت دفاع کے ادارہ برائے وبائی امراض اور مائیکرو بائیولوجی نے تیار کی ہے اور شخانوف یونیورسٹی اس کے کلینکل ٹرائلز کر رہی ہے۔