کیا آپ جانتے ہیں کہ اسلام کی سب سے پہلی مسجد کون سی تھی جس کی تعمیر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود کی تھی؟

ہماری ویب  |  Jun 06, 2020

٭ اسلام کی سب سے پہلی مسجد مسجدِ قباء ہے جو 8 تا 11 ربیع الاول 1ھ بمطابق 3ستمبر 632 ء کے درمیان میں بنائی گئی۔

٭ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے سب سے پہلے مسجدِ قباء کی تعمیر کی۔ اس مسجد کو بنانے کے لئے پہلا پتھر خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے دستِ مبارک سے رکھا۔

٭ مسجد قباء مدینہ منورہ کے جنوب میں واقع قباء محلے میں ہے اسی وجہ سے اس مسجدکا بھی نام مسجدِ قباء رکھا گیا تھا۔ یہ مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے ۔

٭ پہلے مسلمان بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز ادا کیا کرتے تھے لیکن جب قبلے کا رخ تبدیل ہوا تو خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم یہاں تشریف لائے اور سب مسلمانوں کے ساتھ مل کر قبلہ کا رخ متعین کیا اور سب کی اصلاح فرمائی۔

٭ قباء مدینہ منورہ سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر ایک بستی ہے جہاں انصار کے خاندان آباد تھے۔ یہ وہی وہ مقام ہے جہاں آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی سواری پہنچنے پر مدینہ منورہ کے انصار استقبال کیلئے نکل کھڑے ہوئے تھے جہاں اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد تعمیر ہوئی اور جس کی شہادت کتابِ آخر یعنی قرآن پاک نے دی ہے۔

٭ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مکہ سے مدینہ ہجرت کرکے ربیع الاول کے مہینے میں قباء پہنچے تھے اور اگلے روز سے ہی مسجد قباء کی تعمیر کا کام شروع کروایا۔

٭ حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ ’’نبی کریم مسجد قباء کی زیارت کیلئے کبھی سوار اور کبھی پیدل تشریف لے جاتے اور 2 رکعت نماز پڑھتے‘‘۔

٭ نبی کریم کا ارشاد ہے ’’جوشخص اپنے گھر سے وضو کرکے مسجد قباء میں 2رکعت نماز ادا کرے تو اسے ایک عمرہ کا ثواب ملے گا‘‘۔

٭ سعودی عہد میں مسجدقباء پر سب سے زیادہ توجہ دی گئی۔ اس مسجد کی تعمیر ِنو خلیفہ سوم حضرت عثمان بن عفانؓ نے کروائی جبکہ عمر بن عبداللہ نے ولید بن عبدالملک کے عہد میں مسجد کا مینار اور دالان بنوائے۔

٭ جمال الدین الاصفہانی نے 555ھ میں مسجد قباء کی تجدید کرائی، پھر 671ھ میں تجدید ہوئی، آگے چل کر الناصر بن قداودن نے 733ھ میں تجدید کرائی۔٭ اس کے بعد مسجد کا رقبہ کئی گنا بڑھا دیا گیا، اس کے 4 مینار بنائے گئے ، قدیم نقشے کا خیال رکھا گیا۔

٭ نئی مسجدِ قباء جنوبی اور شمالی دالان کی شکل میں بنائی گئی ہے، دونوں کے درمیان کھلا صحن بنایاگیا۔ دونوں دالانوں کو 2 طویل دالانوں کے ذریعے کسر قائمہ سے جوڑا گیا ہے۔

٭ اس کی چھت ایک دوسرے سے مربوط کی گئی، اس میں 6بڑے گنبد ہیں، ہر ایک کا قطر 12میٹر ہے۔ مسجد پر 56چھوٹے گنبد ہیں، ہر ایک کا قطر 6میٹر ہے۔

٭ مسجد کی پوری عمارت 13600 مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے، مسجد کے ساتھ ایک لائبریری اور زائرین کیلئے مارکیٹنگ ایریا بھی رکھا گیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More