عالمگیر وبا کورونا وائرس سے صحتیابی کے بعد اس وائرس کی دوبارہ لوگوں میں تشخیص ہوسکتی ہے، کیونکہ اس وائرس سے شفایاب ہونے کے بعد ممکن ہے کہ اگر احتیاط نہ کی جائے تو دوبارہ یہ وبا حملہ آور ہو سکتی ہے۔
چین اور جنوبی کوریا میں نوول کورونا وائرس کے متعدد ایسے کیسز سامنے آئے جن میں مریضوں میں صحتیاب ہونے کے کچھ ہی ہفتوں بعد دوبارہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آجاتا۔
جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے اس حوالے سے وجہ تلاش کرلی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے ایسے مریض جن میں شفایابی کے کئی ہفتے بعد دوبارہ اس کی تشخیص ہوتی ہے، ان میں وائرس کے مردہ ذرات کا اجتماع موجود ہوتا ہے جو روایتی ٹیسٹس میں پکڑ میں نہیں آتے۔
جنوبی کوریا کے نیشنل میڈیکل سینٹر کے ماہرین کے مطابق کورونا وائرس نظام تنفس کے خلیات میں داخل ہوکر اور اسے متاثر کرنے کے بعد ایک سے 2 ہفتے میں مرجاتا ہے۔
جنوبی کوریا میں ایسے 200 سے زائد کیسز منظرعام پر آئے تھے جن میں مریضوں میں دوبارہ اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔
سیئول نیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر اوہ میوینگ ڈون کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے کے بعد دوبارہ اس وائرس سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔