برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے انسانوں پر گزشتہ ہفتے تیز ترین ویکسین کا ٹرائل شروع کردیا تھا جبکہ ساتھ ہی اس ویکسین کا تجربہ بندروں پر بھی کیا جا رہا تھا جس کے نتائج آگئے۔
تفصیلات کے مطابق دریافت کیا گیا کہ مذکورہ ویکسین سے ان جانوروں میں 28 دن میں کورونا وائرس کا خاتمہ ہوگیا جبکہ انہیں بہت زیادہ مقدار میں جراثیم سے متاثر کیا گیا تھا۔ ویکسین کے ابتدائی مرحلے کے اس نتیجے کو حوصلہ افزا قرار دیا جارہا ہے کیونکہ انسانوں میں اس کی آزمائش کے نتائج کئی ماہ تک سامنے آئیں گے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق بندروں پر تجربات مارچ کے آخر میں امریکہ کے سائنسدانوں کی جانب سے روکی ماؤنٹین لیبارٹری میں کیے گئے تھے۔
اس مقصد کے لیے 6 بندروں کو جینز انسٹیٹوٹ اور آکسفورڈ ویکسین گروپ کی تیار کردہ ویکسین دی گئی اور اس کے بعد انہیں بہت زیادہ تعداد میں کورونا وائرس کی زد میں لایا گیا، جو دیگر بندروں کو اس سے پہلے بیمار کرچکی تھی۔
واضح رہے تحقیق میں شامل بندروں میں بیماری کا کوئی اثر نظر نہیں آیا اور 28 دن بعد بھی وہ صحت مند تھے۔