برطانیہ کے ایک خیراتی ادارے کے مطابق ماضی میں مختلف بیماریوں کی کامیاب اسکریننگ کے بعد اب کتوں کو کورونا وائرس سونگھنے کی تربیت دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق میڈیکل ڈیٹیکشن ڈاگز وہ ادارہ ہے جسے 2008 میں انسانی بیماریوں کی تشخیص کے لیے کتوں کی سونگھنے کی حِس کا استعمال کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا، جبکہ گزشتہ ماہ اس مذکورہ ادارے نے اس منصوبے پر کام کرنا شروع کر دیا ہے۔
انگلینڈ کے علاقے ملٹن کینز میں واقع تربیتی کمرے میں کتوں کو وائرس کے نمونے سونگھنے کے لیے تربیت دی جا رہی ہے۔
یاد رہے یہ خیراتی ادارہ ماضی میں مریضوں سے حاصل کیے نمونوں کے استعمال سے پارکنسنز، کینسر اور بیکٹریکل انفیکشن کی تشخیص کے لیے بھی کتوں کے ساتھ کام کرچکا ہے۔
واضح رہے ہر بیماری کی ایک مخصوص بو ہوتی ہے جسے کتے منفرد خصوصیت حاصل ہونے کے باعث اچھی طرح سونگھ سکتے ہیں جبکہ یہ تربیت بھی انہیں اسی بنیاد پر دی جا رہی ہے۔