نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم صحت یاب مریض کا پلازمہ دیگر صوبوں کو بھی دینے کو تیار ہیں، لاہور، پشاور اور سکھر میں رواں ہفتے پلازمہ جمع کرنا شروع کر دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ کورونا سے صحت یاب افراد کی جانب سے پلازمہ کےعطیات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس وقت پورے پاکستان میں کوئی بھی ڈاکٹر اپنے کورونا کے مریض کو اس پروگرام میں رجسٹر کروانا چاہے تو ہم پلازمہ فراہم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحت یاب مریض پلازمہ ڈونیٹ کرنے کے لئے ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں، دو یا 3 ہفتے بعد صحت یاب مریض پلازمہ دینے کے قابل ہوجائیں گے، پلازمہ دینے کے لئے رابطہ کرنے والوں کو وقت اور تاریخ دی جائے گی، صحت یاب مریض کراچی، جامشورو آکر بھی پلازمہ دے سکتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہر شمسی کا کہنا تھا کہ پلازمہ تکنیک پروٹوکول سے عالمی ادارہ صحت کو مطلع کر دیا ہے، عالمی، ملکی سطح پر منظوری کے بعد کلینکل ٹرائل شروع ہوگا جبکہ صحتیاب افراد کے پلازمہ پر ریسرچ مکمل کی جا چکی ہے۔