کورونا وبا کے علاج کے لئے تاحال ویکسین تیار نہیں کی گئی لیکن حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ملیریا کی دوا کلوروکوئن کو کورونا وائرس کے علاج کے لئے استعمال میں لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
اس کے بعد پاکستان میں بھی ملیریا کی دوا کلوروکوئن کو کووڈ 19 کے علاج کے لئے استعمال کرنے کے حوالے سے کہا گیا تھا۔
عالمی وبا پر قابو پانے کے لئے دو ادویات کلوروکوئن اور ہائیڈروآکسی کلوروکوئن تھوڑی بہت مددکار ثابت ہوئی مگر ان ادویات کے ٹرائل سے معلوم ہوا کہ انسانی جسم کے اہم حصوں کے لئے یہ زیادہ مہلک ہیں۔
ایک فرانسیسی تحقیق کے مطابق ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کی دوا کے استعمال سے یہ معلوم ہوا کہ اس سے شرح اموات میں کوئی واضح کمی نہیں آئی۔
دوسری جانب چین اور برازیل میں بھی ان ادویات کے استعمال کا ٹرائل ہوا جن میں یہ یہی تحقیق سامنے آئی کہ کورونا وائرس کے علاج کے لئے ہائیڈروآکسی کلوروکوئن مریض کو وائرس سے نجات دلانے کے لئے کارآمد نہیں ہے۔
تینوں ممالک کی اس تحقیقات کے بعد ایسا لگتا ہے کہ یہ ادویات کورونا وائرس کو مکمل طور پر شکست دینے میں ناکام ہوگئیں ہیں کیونکہ اس کے استعمال سے فائدے کے بجائے نقصان زیادہ دیکھنے میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے علاج کے لئے دنیا بھر کے سائنسدان سر جوڑ کوشش کرنے میں مصروف ہیں، مگر وائرس کی ویکسین بنانے میں تاحال ناکام ہیں۔