دنیا بھر میں وبائی مرض کورونا نے اپنا خوف پیدا کیا ہوا ہے جبکہ پاکستان کے کئی شہروں میں بھی کہیں مکمل تو کہیں جزوی لاک ڈاؤن برقرار ہے۔
لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، ایسے میں انتہائی ضروری ہے کہ آپ اپنی صحت کا خیال کس طرح رکھ رہے ہیں۔ کچھ لوگ اس قرنطینہ میں رہنے کے باعث پریشانی کا شکار ہیں جس سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو خطرہ ہے۔
آج ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتائیں گے جنہیں اپنی روزمرہ کی زندگی میں اپنا کر آپ چست اور توانا رہ سکتے ہیں جبکہ اس سے آپ کے موڈ میں بھی خوشگوار حد تک بہتری آئے گی۔
باقاعدگی سے ورزش
چونکہ گھروں میں رہنے کے باعث ہمارا چلنا پھرنا بہت محدود ہو گیا ہے اسی لیے ضروری ہے کہ روز ورزش کی جائے۔ ورزش آپ کی جسم میں دورانِ خون کو بہتر بناتی ہے۔ اس کے علاوہ قوتِ مدافعت بڑھانے میں بھی یہ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ایک وقت مقرر کر لیں اور روز اسی وقت ورزش کریں، آپ یقیناً اچھا محسوس کریں گے۔
نیند کا خیال رکھیں
بہت ضروری ہے کہ آپ اپنے آرام کا اچھے طریقے سے خیال رکھیں، وقت پر سوئیں اور صبح سویرے اٹھ کر تازہ ہوا کے مزے لیں۔ آپ کا آدھا موڈ تو ایسے ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ اپنی عادت بنا لیں کہ روز صبح ناشتے سے قبل تازہ ہوا میں چہل قدمی کریں، یہ آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔
مناسب خوراک لیں
ایسی خوراک استعمال کریں جو صحت کے لیے مفید ہو، تلی ہوئی چیزیں کھانے سے گریز کریں۔ پھلوں اور سبزیوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، جوس پئیں، اسکے علاوہ ملک شیکس بنا کر پئیں، تاکہ آپ کے جسم کو طاقت ملے۔
ذہنی تناؤ سے بچیں
جتنا ممکن ہو سکے ٹینشن لینے سے گریز کریں، خوش رہیں، خوش رہنے کے مختلف مواقع تلاش کریں۔ ہر وہ کام کریں جو آپ کو ذہنی و دلی سکون دے۔ اپنے گھر والوں سے بیٹھ کر باتیں کریں، اپنے والدین کی جوانی کے قصے سنیں، نئے کھانے پکائیں، اپنا وقت عبادات میں لگائیں۔
موبائل کم سے کم استعمال کریں
کوشش کریں موبائل فون جس حد تک ہو سکے کم استعمال کریں، دن کا ایک گھنٹہ یا دو گھنٹے موبائل کے لیے مختص کر لیں، اس کے علاوہ اسے استعمال نہ کریں۔ موبائل کا تو ویسے ہی ہماری صحت پر برا اثر پڑتا ہے اور آج کل تو موبائل ہر فردِ واحد کے پاس ہے، یہاں تک کہ والدین نے چھوٹے بچوں کو بھی موبائل دے رکھا ہے، تو برائے مہربانی اس سے گریز کریں۔