بزرگ ہمارے گھر کی رونق ہوتے ہیں جن کی موجودگی میں ہمیں زندگی کی ہر خوشی، ہر کامیابی ملتی ہے، اور سب سے بڑھ کر ان کی طرف سے کی جانے والی خیر کی دعائیں بھی ہماری زندگی کی کامیابی کا سبب بنتی ہیں۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ انسان ضعیف ہو جاتا ہے اور مختلف بیماریاں بھی اس کا گھیراؤ کر لیتی ہیں۔ حال ہی میں پھیلنے والی وبا کورونا وائرس نے جہاں بچوں اور نوجوانوں کو متاثر کیا ہے تو وہیں بزرگوں کی صحت بھی اس وائرس کی وجہ سے خطرے میں پڑ گئی ہے۔ اور اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر بھی بزرگ افراد ہی ہو رہے ہیں۔ جی ہاں دنیا بھر میں کورونا سے مرنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد میں بوڑھے لوگ شامل ہیں۔
مضبوط اور تندرست جسم میں ہی بیماریوں کے خلاف مضبوط قوت مدافعت پائی جاتی ہے لیکن بزرگوں کے بدن کے مختلف حصوں میں کمزوری پیدا ہونے سے ان کا دفاعی نظام بھی کمزوری کا شکار ہوجاتا ہے، یوں وہ بیماریوں میں آسانی سے مبتلا ہونے لگتے ہیں۔
لیکن چند اہم صحت بخش مشوروں پر عمل کریں تو بوڑھے افراد بھی توانا زندگی گزار سکتے ہیں۔
بزرگوں کے دانت کمزور ہوتے ہیں اور کھانا چبانے میں انہیں اکثر مشکل پیش آتی ہے تو ان کے لئے غذائیت سے بھرپور غذا گندم کا دلیہ بے حد مفید ہے جو ان کے جسمانی نظام کو اندر سے مضبوط رکھتا ہے۔
توانا زندگی گزارنے کے لئے بلڈ پریشر اور شوگر میں مبتلا بزرگوں کو چاہئے کہ عرق گاؤ زبان پون کپ اور عرق گلاب چار چمچ ملا کر نہار منہ پی لیں۔
پھلوں سے بہترین غذا شاید اور کچھ نہیں کیونکہ انہیں میں قدرت نے صحت کے خزانے چھپا رکھے ہیں۔ ضعیف افراد کو پھلوں کا استعمال کثرت کے ساتھ کرنا چاہئے اور جو بزرگ افراد دانتوں کے مسئلے کے باعث پھل چبانے سے قاصر ہیں تو وہ پھلوں کا شربت بھی پی سکتے ہیں۔
اپنے گھروں میں بزرگوں کے ساتھ نرمی اور پیار محبت کے ساتھ پیش آئیں اور ان کی ضروریات کا خاص رکھیں اور انہیں اپنے نظر انداز کئے جانے کا احساس کبھی نہ ہونے دیں ورنہ یہ سوچ انہیں مزید بوڑھا کر دے گی۔ انہیں خوش رکھیں کیونکہ خوشی کا احساس ہی ان کی سب سے بڑی صحت مندی اور تندرستی ہے۔