گاڑی کی بیٹری وہ حصہ ہوتا ہے جس کے بغیر ہماری گاڑی چل نہیں سکتی، اسی لیے اس کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہوتا ہے۔ گاڑی کی دیکھ بھال کس طرح سے کی جا رہی ہے اس کا اثر براہِ راست بیٹری پر ہوتا ہے، اس کے علاوہ بدلتے موسم بھی بیٹری پر اثر انداز ہوتے ہیں، مثال کے طور پر سردیوں کے موسم میں گاڑی کی بیٹری سب سے زیادہ متاثر ہوتی ہے۔
عام طور پر گاڑی کی بیٹری 2 سے 5 سال تک کے درمیان بہترین چل سکتی ہے، لیکن اگر آپ اس کا اچھے سے خیال رکھیں تو یہ مزید عرصہ بھی چلائی جا سکتی ہے۔
بیٹری کو کس طرح زیادہ عرصے تک چلایا جا سکتا ہے، کچھ طریقے مندرجہ ذیل ہیں۔
گاڑی کی تمام لائٹیں بند رکھیں، غیر ضروری طور پر کسی بھی لائٹ کو کھلا نہ چھوڑیں پھر چاہے وہ اندر کی لائٹ ہو یا ہیڈ لائٹ۔ جلتی لائٹیں گاڑی کی بیٹری کو متاثر کر دیتی ہیں۔
گاڑی کی مینٹنینس پر خاص توجہ دیں اور کسی اچھے مکینک سے کی گاڑی کی مرمت کروائیں تاکہ آپ کی بیٹری کو کوئی نقصان نہ پہنچے کیونکہ گاڑی کے انجن میں کوئی خرابی ہو تو بیٹری کو اسے اسٹارٹ کرنے کے لیے زیادہ طاقت لگانی پڑتی ہے
اپنی گاڑی کو ہر طرح سے زنگ لگنے سے بچائیں، گاڑی کی ہفتے میں ایک بار لازمی مرمت کروائیں تاکہ بیٹری پر زنگ نہ لگے۔
کوشش کریں بیٹری اور بیٹری پر تاروں کے کلپ مضبوطی سے نصب کیے جائیں، ڈھیلی بیٹری خراب ہونے کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔
گاڑی کی بیٹری کو لمبے عرصے تک چلانے کے لیے ضروری ہے کہ چھوٹے سفر سے گریز کیا جائے، کیونکہ چھوٹا سفر بیٹری کو درست طریقے سے چارج نہیں ہونے دیتا۔