عالمی وبا کورونا وائرس پر چین نے قابو پا لیا ہے اور اب وہاں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہر ووہان کو بھی 76 روز بعد دوبارہ کھول دیا گیا جہاں زندگی اپنے معمول پر آگئی ہے۔
چین نے عالمی وبا کو کس طرح شکست دی اس سے متعلق مختلف باتیں سامنے آرہی ہیں جبکہ چین کے وزارتِ صحت کے ترجمان واضح کرچکے ہیں کہ انہوں نے سخت لاک ڈاؤن کے باعث وائرس سے نجات حاصل کی۔
لیکن اب ایک اور خبر سامنے آئی ہے کہ چین نے وبا پھیلنے کے بعد ترکی سے خشک خوبانی درآمد کرنا شروع کی جس کے باعث ترکی کی برآمدات 125 فیصد اضافے کے بعد 2 ملین ڈالر سے بڑھ کر 45 ملین ڈالر تک جا پہنچی ہے۔۔
اب اہم بات یہ ہے کہ اگست، ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں خشک خوبانی کی ایکسپورٹ جاری تھی البتہ دسمبر میں جب کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنا شروع ہوئے تو برآمد میں 125 فیصد تک اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق خشک خوبانی سمیت دیگر میوہ جات کی برآمدات کرنے والی یونین کے سربراہ برول جیلیپ نے ترک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2019 سے 30 مارچ 2020 تک 76 ہزار ٹن خوبانی برآمد کر کے 197 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ خشک میوہ جات جیسے کشمش، خشک خوبانی اور انجیر کے استعمال سے قوتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے اور اسی کے باعث چین سے بڑے پیمانے پر آرڈر ملے اور ہم نے مال بھیجا۔
برول جیلیپ کا مزید کہنا تھا کہ چین کے بعد دنیا کے 105 ممالک نے خوبانی کی برآمد کے آرڈر دینا شروع کردئے ہیں، امریکا کو 26 ملین ڈالر، جرمنی کو 18 اور فرانس کو 17 ملین ڈالر کی خوبانی ایکسپورٹ کی گئی ہے۔