ہم سب اپنی سوشل میڈیا ایپس بالکل بے فکری سے استعمال کر رہے ہوتے ہیں لیکن ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ اس کا ڈیٹا چوری بھی ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے حکام نے عوام کیلئے خصوصی آگاہی میسج شئیر کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال چوہدری نے بتایا ہے کہ کس طرح لوگوں کا واٹس ایپ ڈیٹا چوری کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 'کسی شخص کا موبائل فون ان لاک ہو تو ہیکر اس کے موبائل سے 10 سے 20 سیکنڈ میں واٹس ایپ ویب کو لاگ ان کر لے گا، اس نے صرف موبائل سے واٹس ایپ ویب کا کیو آر کوڈ سکین کرنا ہوتا ہے، اگر واٹس ایپ لاگ ان ہو جائے تو لوگوں کا سارا ڈیٹا اور چیٹ ہیکر کے پاس چلا جاتا ہے اور وہ ڈیٹا چرا کر لوگوں کو بلیک میل کرسکتا ہے'۔
تاہم آصف اقبال چوہدری نے عوام کو واٹس ایپ کا ڈیٹا چوری سے بچانے کا طریقہ بھی بتایا، ان کا کہنا تھا کہ 'بہت سے لوگوں کو علم ہی نہیں ہوتا کہ ان کا واٹس کس ڈیوائس اور ایپ کہاں کہاں لاگ اِن ہے۔ موبائل فون کی سیٹنگ میں جا کر چیک کرنا چاہئے کہ کہیں واٹس ایپ ویب تو لاگ ان نہیں؟ واٹس ایپ سیٹنگز میں ہی یہ آپشن بھی موجود ہوتا ہے کہ آپ سب جگہوں سے لاگ آؤٹ کرسکتے ہیں، اس سے آپ کا ڈیٹا محفوظ رہے گا'۔