دنیا بھر میں لوگوں کی جانیں نگلنے والا کورونا وائرس ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل تو ہوتا ہی ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ چیزوں کی سطح سے بھی انسان میں منتقل ہو سکتا ہے۔
ماہرین نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ انسان کے جسم پر موجود کپڑوں پر بھی یہ وائرس زندہ رہتا ہے اور وہاں سے اس کی افزائش بھی ممکن ہے۔
آسٹریلیا کی ایک وائرولوجسٹ پروفیسر ساشا بریڈ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ 'یہ جان لیوا وائرس ہمارے کپڑوں میں بھی رہتے ہوئے پھیل سکتا ہے تاہم کپڑوں کو اس وائرس سے پاک کرنے کا واحد حل یہ ہے کہ انہیں معمول کے مطابق دھو لیا جائے، اس سے وائرس مر جائے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ 'وائرس کسی زندہ خلیے میں ہی زندہ رہ سکتا ہے، اگر وہ کسی بے جان سطح پر موجود ہوگا تو یا تو کسی کو متاثر کر دے گا اور اگر وائرس کو میزبان نہ ملا تو وہ کچھ وقت میں ہی مر جائے گا'۔
پروفیسر ساشا کے مطابق 56 سینٹی گریڈ تک گرم کیے ہوئے پانی سے کپڑوں کو دھو لینا بہتر ہے۔
تاہم گرفتھ یونیورسٹی کے پروفیسر مک میلن نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ ان کے مطابق کپڑوں کو معمول کے مطابق دھو لینا انہیں کورونا وائرس سے پاک کر سکتا ہے۔