مہلک وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے اور اسے روکنے کے لئے عالمی ادارہ صحت (WHO) نے احتیاطی تدابیر کے طور پر لوگوں کو سماجی دوری اختیار کرنے کی تجویز دی ہے اور ساتھ ہی ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے بھی گزیز کرنے کا کہا ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے دنیا بھر کے سائنسدان، ڈاکٹرز سر توڑ کوشش کر رہے ہیں تاہم اس حوالے سے سائنسدان اور محققین لوگوں کے اندر موجود کورونا کے ڈر کو ختم کرنے اور شک دور کر رہے ہیں۔
متعدد ماہرین اس وائرس سے بچنے کے لئے لوگوں کو تجویز دے رہے ہیں کہ اگر آپ کو کھانسی یا چھینک آئے تو اپنے منہ کو کسی کپڑے سے ڈھانپ لیں کیوں کہ اس دوران انسان کی چھینک سے نکلنے والے قطرے فضا میں محلول ہو کر وائرس کے پھیلنے کا سبب بنتے ہیں۔
ماہرین اس بات کی بھی سختی سے تجویز پیش کر رہے ہیں کہ ہر تھوڑی دیر بعد اپنے ہاتھوں کو بیس سیکنڈز تک اچھی طرح دھوئیں کیونکہ یہی وائرس کو ختم کرنے کا بہترین ہتھیار ہے۔
اس سے قبل سائنسدانوں کی جانب سے ایک تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کورونا وائرس فضا میں 3 سے 4 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔
اس وبائی امراض کے حوالے سے ماہر امریکی سائنسدان انتھونی فاؤچی سے سوال کیا گیا کہ کیا 27 فٹ دور سے چھینکنے سے بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ ممکن ہے؟
جس پر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا کہ یہ انتہائی گمراہ کن ہے، عملی طور پر اس بات میں کوئی صداقت نہیں، کورونا وائرس 27 فٹ دور سے چھینک مارنے سے نہیں پھیلتا۔