ہم میں سے بیشتر افراد اپنے اپنے کام کے باعث رات دیر تک جاگتے رہتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ ہماری صحت کے لئے کس قدر نقصان دہ ہے؟
دیر رات تک جاگنا، وقت پر نہ سونے کا مطلب مختلف بیماریوں کو دعوت دینا ہے۔
نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ صبح جلد اٹھنے اور رات کو جلد سونے کے عادی افراد کے مقابلے میں رات گئے تک جاگنے والوں کو زیادہ امراض اور طبی مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایسے افراد جو رات دیر سے سوتے ہیں ان میں کسی بھی مرض سے موت کا خطرہ، جلد سونے والوں کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
اسی طرح اس عادت کے نتیجے میں ذیابیطس کا خطرہ 30 فیصد، دماغی امراض کا 25 فیصد، معدے کے امراض کا خطرہ 23 فیصد جبکہ نظام تنفس کا خطرہ 22 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 5 لاکھ افراد سے زائد کی نیند کے حوالے سے عادات کا تجزیہ کیا گیا اور معلوم ہوا کہ رات گئے تک جاگنے کا خمیازہ جسم کو مختلف طبی مسائل کی شکل میں بھگتنا پڑتا ہے۔
محققین نے مزید بتایا کہ غلط وقت پر کھانا، ورزش نہ کرنا، نیند کی کمی اور رات گئے تک جاگنے سے صحت کو متعدد مسائل درپیش ہو سکتے ہیں۔