گھر میں پنکھا ایک ضروری برقی آلہ ہے جس کے بغیر رہنا آج کے دور میں تو ممکن نہیں ہے۔ چاہے پاکستان ہو یا دنیا کا کوئی اور ملک ہو گرمی سے نجات حاصل کرنے کا اہم اور سستا ذریعہ چھتوں پر لگے ہوئے پنکھے ہی ہیں۔
لیکن کیا کبھی آپ نے اس بات پر غور کیا ہے کہ پاکستان میں موجود پنکھوں کے تین پر ہوتے ہیں اور دنیا کے دیگر ممالک میں ان پروں کی تعداد چار ہوتی ہے۔ یہ کوئی مضحکہ خیز بات نہیں ہے، یہ سچ ہے لیکن اس کی حقیقت کیا ہے؟
امریکہ اور زیادہ تر یورپی ممالک میں چھت پر لگے برقی پنکھے کے پروں کی تعداد 4 ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ایشیائی اور یورپی ممالک میں برقی پنکھوں کے استعمال کی مختلف وجوہات ہیں.
غیر ممالک میں چھت پر لگا برقی پنکھا زیادہ تر ائیرکنڈیشنر یعنی اے سی کی ٹھنڈی ہوا کو پورے کمرے یا ہال میں پھیلانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اور اس کے چار پر ہونے کے باعث زیادہ ہوا کمرے میں پھیلتی ہے۔
مگر زیادہ پر ہونے کی وجہ سے بجلی کی پاور بھی زیادہ استعمال ہوتی ہے اور بل کا خرچہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ وہیں پاکستان میں استعمال ہونے والے پنکھے گرمیوں میں زیادہ ہوا کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔
تین پروں والا پنکھا ہلکا ہونے کے باعث زیادہ تیزی سے گھومتا ہے اور کم توانائی استعمال کرتا ہے۔ اسی وجہ سے ہمارے بجلی کے بل کم آتے ہیں۔