کیا آپ کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جن کو مستقل ناخن چبانے کی عادت ہے اور کسی صورت یہ عادت ختم ہونے کا نام نہیں لیتی؟ آج ہم آپ کو ان طریقوں کے بارے میں بتائیں گے جن کو اپنا کر ہم اس گندی اور نقصان دہ عادت سے چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔
سب سے پہلے اس حوالے سے بات کرتے ہیں کہ ہمیں یہ عادت کیوں ہوتی ہے؟ ایک تحقیق کے مطابق اس عادت میں دنیا بھر میں 30 فیصد افراد متاثر ہیں۔
لوگ جب ذہنی دباؤ یا تناؤ کا شکار ہوتے ہیں، تو لاشعوری طور پر دانتوں سے ناخن چبانے لگ جاتے ہیں یعنی انہیں اس کا احساس ہی نہیں ہوتا کہ وہ ایک ایسا کام کر رہے ہیں جس سے سامنے والے کو کراہیت آسکتی ہے۔ دراصل ان افراد کا دھیان کہیں اور ہوتا ہے، وہ کسی گہری سوچ میں ڈوبے ہوتے ہیں۔ اس عادت کو ماہرین نے نروس ہیبٹ (Nervous Habit) کا نام دِیا ہے جس کا مطلب دماغی انتشار اور الجھن سے فرار حاصل کرنا ہے۔
یہ ایک ایسی عادت ہے جس سے نہ صرف آپ کے ناخن خراب ہوتے ہیں بلکہ دانتوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ساتھ ہی اس عادت کی وجہ سے بہت سے جراثیم اور وائرس آپ کے اندر منتقل ہوجاتے اور بیماری کا باعث بنتے ہیں۔
اِس عادت سے چھٹکارا کیسے حاصل کیا جائے؟
ناخن کترنے کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کا سب سے اچھا طریقہ ہے کہ اپنے ہاتھوں اور منہ کو مصروف رکھیں اس سے آپ کی یہ عادت چھوٹ سکتی ہے۔ چیونگم چبائیے یا ہاتھ میں اسٹریس بال رکھیے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے ناخن کو بڑھنے ہی نہ دیں۔ ناخن چھوٹے رکھیں، انہیں باقاعدگی سے تراشتے رہیں۔