قدرت نے بے شمار پھل پیدا کیے ہیں لیکن کچھ پھل ایسے ہیں جو انسانی جسم کے لیے انتہائی مفید ہیں جبکہ بہت سے لوگوں کو اس بارے میں معلومات بھی نہیں ہے۔
ہم آج ایسے ہی ایک پھل کی بات کریں گے جو کہ انوکھی شکل اور رنگ کا ہے۔ ہم بات کر رہے ہیں سنگھاڑے کی۔ بے شمار لوگ اس کالے اور سخت دکھنے والے پھل سنگھاڑے کی اہمیت و افادیت سے واقف نہیں لیکن اس سخت اور نوکدار خول کے اندر چھپے سفید پھل میں بہت سے فوائد پوشیدہ ہیں۔
غذائی ماہرین کے مطابق اس میں کاربوہائیڈریٹس، پروٹین، وٹامن بی، پوٹاشیم اور کوپر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جبکہ اس کا ذائقہ بالکل منفرد ہوتا ہے۔ ابلے ہوئے سنگھاڑے کھانے سے بھوک میں اضافہ ہوتا ہے، تھکاوٹ دور اور جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔ اس کو کھانے سے یادداشت تیز اور دماغی قوت برقرار رہتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سنگھاڑے کے گودے سے بنایا ہوا سفوف کھانسی سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے اور قبض کی شکایت دور کرتا ہے جب کہ ساتھ ہی معدے اور آنتوں کے زخم کے لیے بھی مفید ہے۔
یہ پھل پانی میں کیچڑ کے نیچے اگتا ہے تاہم سنگھاڑے کے سفوف میں دودھ یا دہی ملا کر استعمال کرنے سے پیچش سے بھی آرام آتا ہے۔ اس کا سفوف استعمال کرنے سے دانت چمکدار اور مسوڑھے صحت مند ہوتے ہیں۔