کراچی میں آصف زرداری سے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی ملاقات ہوئی جس میں آصف زرداری نے کہا کہ آغاصاحب آپ کو بھی ضمانت پر رہائی مبارک ہو، آپ نے بہادرانہ اندازسے حالات کا مقابلہ کیا، امید ہےجلد ہم سب کے جھوٹے مقدمات ختم ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےپہلےبھی سالوں جیل کاٹی، اُسوقت نہیں جھکے تو اب کیا جھکیں گے، یہ حکومت عوامی حمایت کھوچکی، اُمیدہے اگلا وزیراعظم بلاول ہوگا اور ہوسکتاہے آغاصاحب اگلی بارآپ میرے ساتھ اسلام آباد میں ہوں۔
اس موقع پر آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم زرداری صاحب آپ کےلیے فکرمند رہتےہیں، اللہ آپ کو صحت دے، بلاول کی بطوروزیراعظم حلف برداری میں ہم ساتھ ہوں گے۔
بعدازاں چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سلمان عبداللہ مراد سے ملاقات کے دوران آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ریل ہویا جیل کارکن نہ گھبرائیں، قیادت ان کے ساتھ ہے۔
شریک چیئرمین نے کہا کہ محترمہ کی پہلی حکومت سے لیکر آج تک انتقامی کارروائیاں جاری ہیں پہلے مجھے محترمہ کو سیاسی دباؤ میں لانے کیلئے جیل بھیجا گیا، آج بلاول کو سیاسی دباؤ میں لانے کیلئے مجھے جیل میں ڈالا گیا لیکن بلاول دباؤ میں آئے گا نہ میں گھبرانے والا ہوں۔