بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں پی ڈی ایم کے ترجمان، رہنما جے یو آئی ایف حافظ حمد اللّٰہ سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔
جنگ نیوز کے مطابق مستونگ میں سڑک کنارے گاڑی کی قریب دھماکا ہوا ہے، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے امدادی کام کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔
ترجمان محکمۂ صحت کے مطابق دھماکے کے 11 زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال مستونگ لایا گیا۔
محکمۂ صحت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ تمام زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی اسپتال سے کوئٹہ ریفر کیا گیا ہے، جن میں سے 1 زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔
حافظ حمداللّٰہ معمولی زخمی ہیں، ترجمان JUI
جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ حافظ حمداللّٰہ دھماکے کے نتیجے میں معمولی زخمی ہوئے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حافظ حمداللّٰہ کے 2 ساتھی بھی دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں، دھماکا خودکش ہے یا نہیں اس سے متعلق معلومات نہیں۔
حافظ حمداللّٰہ کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا
ڈپٹی کمشنر مستونگ عبدالرزاق ساسولی کے مطابق مستونگ میں ہوئے دھماکے میں زخمی ہونے والے حافظ حمد اللّٰہ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈپٹی کمشنر مستونگ نے یہ بھی بتایا ہے کہ حافظ حمداللّٰہ کو مستونگ کے اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی جس کے بعد انہیں اور دیگر زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
مستونگ دھماکے کے 2 زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔