اٹک جیل سے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی ہے-
جنگ نیوز کے مطابق خصوصی عدالت نے اٹک جیل میں سماعت کرتے ہوئے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی۔
سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر اٹک جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سماعت کی۔
انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کر دی۔
سماعت کے بعد خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین اٹک جیل سے روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب سائفر کیس کی سماعت سلسلے میں شاہ محمود قریشی کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد پہنچایا گیا۔
اس موقع پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین کے عدالتی عملے نے شاہ محمود قریشی کو بتایا کہ سائفر کیس میں آپ کی کل کے لیے درخواستِ ضمانت مقرر ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ کیا کل مجھے جوڈیشل کمپلیکس آنا ہوگا؟
عدالتی عملے نے جواب دیا کہ نہیں درخواستِ ضمانت پر آپ کو کل جوڈیشل کمپلیکس نہیں آنا پڑے گا، جج ابوالحسنات اٹک گئے ہوئے ہیں، آپ کو آج حاضری لگا کر واپس بھیج دیں گے، جو اگلی تاریخ چیئرمین پی ٹی آئی کے کیس کی ہو گی، وہی آپ کی ہو گی۔