آسٹریلوی جہاز کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا پاکستان کا مشہور اداکار نکلا

اُردو وائر  |  Aug 17, 2023

آسٹریلیا میں ایک پاکستانی نژاد آسٹریلوی مسافر کو جہاز بم سے اڑانے کی دھمکی پر گرفتار کر لیا گیا-

آسٹریلیا کی وفاقی پولیس کی جانب سے لگائے گئے الزام کے مطابق علی عارف نامی مسافر نے مبینہ طور پر پرواز میں دھماکہ خیز مواد رکھنے کا دعویٰ کیا-

اس واقعہ کی مکمل فوٹیج منظرِ عام پر آگئی٬ فلائٹ MH122 پیر کی سہ پہر سڈنی سے ملائیشیا کے لیے روانہ ہوئی لیکن تقریباً 3 گھنٹے بعد سڈنی واپس آگئی-

اسی پرواز میں مسافر نے خلل ڈالنے کی کوشش کی جس پر حکام نے عملے اور مسافروں کو غیر محفوظ سمجھتے ہوئے طیارے کو واپس اتار لیا- جبکہ بم کی دھمکی دینے والے مسافر کو گرفتار کر لیا-

عدالت نے مسافر کی ضمانت بھی خارج کر دی ہے جبکہ آسٹریلوی قوانین کے مطابق ایسے جرائم کی سزا کم سے کم 10 سال اور ہزاروں ڈالر جرمانہ ہوتی ہے-

دوسری جانب ایک غیرملکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ یہ مسافر ایک سابق پاکستانی ماڈل اور اداکار محمد عارف علی ہے جس کی تصدیق بھی متعدد ذرائع سے ہوئی ہے-

لنکڈ ان پروفائل کے مطابق علی عارف نے 2002 میں این سی اے سے گریجویشن کیا- جس کے بعد 2016 تک علی عارف نے متعدد کمپنیوں میں بطورِ آرکیٹیکٹ کام کیا-

عارف پاکستانی گلوکار ابرار الحق کے گانے پریتو میں نمایاں تھے- اس کے علاوہ انہوں نے مشہور پاکستانی کامیڈی ڈرامے کالج جینز میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے-

ان کا یوٹیوب چینل "فوڈ فار تھاٹ" شارٹس اور ویڈیوز پر مشتمل ہے جو زیادہ تر مذہبی خیالات پر مبنی ہے۔ عارف علی کے یوٹیوب چینل پر آخری ویڈیو 12 اگست 2023 کو اپلوڈ کی گئی تھی۔ عارف علی کا انسٹاگرام پروفائل جون 2014 میں بنایا گیا تھا۔

ان کے سابق دوستوں اور وکیل کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ عارف علی کا نفسیاتی معائنہ کیا جائے گا اور ان کے ساتھ منصفانہ طریقے سے نمٹا جائے گا کیونکہ ممکنہ طور پر وہ دماغی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں علی عارف کو جہاز کے اندر ہی نماز پڑھتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس دوران تمام مسافر اپنی سیٹ پر پہنچنے کے لیے ان کی نماز ختم ہونے کا انتظار کرتے رہے-

واقعے کی وجہ سے سڈنی کے ہوائی اڈے پر درجنوں پروازیں منسوخ کرنا پڑیں-

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More