پاکستانی حکومت کا سجل علی کو ’بڑے قومی اعزاز‘ سے نوازنے کا اعلان

اُردو وائر  |  Aug 17, 2023

پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ سجل علی کو حکومت کی جانب سے بڑا سول اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے-

بدھ کو جاری ایک سرکاری بیان کے مطابق اداکارہ سجل علی کو ’تمغۂ امتیاز‘ دینے کا اعلان کیا گیا ہے- اور یہ ’تمغۂ امتیاز‘ اداکارہ کو صدر عارف علوی 23 مارچ 2024ء کو یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریب میں دیا جائے گا-

سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ سول ایوارڈ اداکارہ کی اداکاری کے شعبے میں ایک دہائی سے زائد عرصے جاری شاندار خدمات کا اعتراف ہوگا۔

نوٹیفیکیشن میں میں مزید کہا گیا کہ سجل علی نے سری دیوی اور نوازالدین صدیقی کے ساتھ ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی جمائما گولڈ اسمتھ کی پروڈکشن اور شیکھر کپور کی ہدایتکاری میں بننے والی ہالی ووڈ فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ میں شبانہ اعظمی، لیلی جیمز، ایما تھامسن کے ساتھ بھی اسکرین پر بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سجل علی کو ان کی زبردست اور دلوں کو چھو لینے والی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے نا صرف پاکستان بلکہ بین الاقومی سطح پر بھی بہت پذیرائی ملی ہے۔

اُنہوں نے ٹی وی ڈراموں اور فلموں دونوں میں ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اداکارہ نے 14 سال پر محیط اپنے کیریئر میں ’ننھی‘، ’رنگ ریزہ‘، ’یقین کا سفر‘، ’آنگن‘، ’الف‘، ’سناٹا‘، ’گناہ آہن‘، ’یہ دل میرا‘، ’چپ رہو‘، ’گلِ رانا‘، ’محبت جائے بھاڑ میں‘، ’نورالعین‘، اور ’کچھ ان کہی‘ جیسے ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے دنیا بھر کے ناظرین سے داد وصول کی۔

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More