سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستی کے بعد بھارت سے پاکستان آ کر، خیبرپختونخوا کے نصراللّٰہ سے شادی کرنے والی خاتون انجو (فاطمہ) کا اب ایک نیا بیان سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ میں غدار نہیں ہوں اور جلد ہی اپنے شوہر نصراللّٰہ کے ساتھ واپس بھارت جاؤں گی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نئی ویڈیو میں انجو نے اپنے شوہر کے ہمراہ واپس بھارت جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے جبکہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس موقع پر ان کے شوہر بھی ان کے ساتھ ہی بیٹھے ہیں-
انجو کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا صرف ان کی کردار کشی میں مصروف ہے اور انہیں غدار قرار دے رہا ہے- بھارتی میڈیا سے درخواست ہے کہ وہ مجھے میں انسان سمجھے٬ میں کسی کی دشمن نہیں ہوں برائے مہربانی میرے بارے میں میڈیا صرف مثبت بات ہی کرے-
انجو کا اپنی نئی ویڈیو میں یہ بھی کہنا تھا کہ میں اگر پاکستان کی تعریفیں کرتی ہوں تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ مجھے بھارت سے پیار نہیں ہے ہاں میں صرف وہی بتاتی ہوں جو حقیقت ہوتا ہے-
اُن کا مزید کہنا ہے کہ یہاں پر سب کچھ اچھا ہے یہاں کے لوگ اچھے ہیں، یہی میرا سب کے لیے پیغام ہے کہ پلیز میرے لیے تھوڑا مثبت سوچیں۔