پاکستان کے مقبول ترین اور سینیر فنکار بہروز سبزواری پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کو اب تک لاتعداد ہٹ ڈرامے دے چکے ہیں جبکہ کئی لازوال کرداروں کی وجہ سے بھی جانے جاتے ہیں- یہی وجہ ہے کہ آج انہیں پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے- لیکن ان فنکاروں کے ساتھ کیریر کے اعتبار سے کئی دلچسپ قصے بھی جڑے ہوتے ہیں جیسے کہ گزشتہ روز بہروز سبزواری نے بھی ماضی کے ایک قصے پردہ اٹھایا-
حال ہی میں سینیر فنکار نے سماﺀ کے پروگرام حد کردی میں شرکت کی- پروگرام کے دوران بہروز سبزواری نے اپنے ماضی کا قصہ یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار جب میں کامیڈی کنگ عمر شریف مرحوم کے ساتھ تھیٹر کر رہا تھا تو جب عمر شریف نے مجھے تھپڑ مارا تو میری دھوتی گر گئی-
اس اچانک پڑنے والی افتاد سے میں پریشان ہوگیا اور صدمے میں چلا گیا جبکہ ناظرین ہنسنے لگے-
بہروز سبزواری نے مزید بتایا کہ اس اسٹیج ڈرامے میں اس وقت میرا کردار ایک بدمعاش کا تھا جس کے لیے میں نے مونچھیں لگائیں اور دھوتی باندھی- میں نے ایک ڈائیلاگ بولتے ہوئے اسٹیج پر انٹری دی جبکہ عمر پہلے سے ہی اسٹیج پر موجود تھے- عمر نے مجھے تھپڑ مارا لیکن یہ تھپڑ اسکرپٹ کا حصہ نہیں تھا-
عمر شریف کا تھپڑ پڑتے ہی میری دھوتی گر گئی٬ اس وقت میں پریشان ہوگیا اور کچھ سمجھ نہیں آیا تو دھوتی اٹھائی اور اسٹیج سے بھاگ گیا جسے دیکھ کر لوگ ہنسنے لگے-
اس وقت تھیٹر فُل تھا اور بڑی تعداد میں لوگ ڈرامہ دیکھنے آئے تھے جبکہ مجھے دھوتی تو باندھنی ہی نہیں آتی تھی-