شادی کی تردید کرتے کرتے آخر شادی ہو ہی گئی٬ گزشتہ کئی روز سے خبروں کی زینت بنی بھارتی انجو نے آخر پاکستان کے علاقے دیر کے رہائشی نصر ﷲ سے شادی کر ہی لی-
تفصیلات کے مطابق بھارت سے آئی انجو کی شادی دیر کے نصر ﷲ سے شادی کرلی ہے جس کے بعد اب ان کا نام فاطمہ رکھ دیا گیا- ابتدا میں مسلسل انجو کی جانب سے اس بات کی تردید کی جارہی تھی کہ وہ نصر ﷲ سے شادی کریں گی بلکہ وہ انہیں صرف ایک دوست کے طور پر ظاہر کرتی آرہی تھیں-
تاہم اب نہ صرف یہ دوستی شادی میں بدل چکی ہے بلکہ شادی کے موقع پر جوڑے کو پلاٹس اور بھاری تحائف سے بھی نوازا گیا ہے- یہاں تک کہ اس شادی کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے-
دوسری جانب سے نصرﷲ یہ کوشش کر رہے رہیں کہ ان کی نئی نویلی دلہن کا قیام پاکستان میں طویل ہوجائے کیونکہ انجو پاکستان وزٹ زیرے پر پاکستان آئی تھیں جس کی مدت ختم ہونے میں اب صرف چند روز ہی باقی ہیں-
واضح رہے کہ کچھ روز قبل تک اس جوڑے کی جانب سے شادی اور مذہب کی تبدیلی کی تردید کی جارہی تھی اور ساتھ ہی یہ بھی کہا جارہا تھا کہ اگلے دو یا تین روز میں انجو واپس اپنے ملک بھارت لوٹ جائیں گی-