ٹاک شوز کسی بھی چینل کے لیے سب سے زیادہ ناظرین کو اپنی جانب سے متوجہ کرنے والوں میں سے ایک ہوتے ہیں کیونکہ ان میں پرستار اپنے پسندیدہ ستاروں کو ان کے حقیقی صورت میں دیکھتے ہیں ساتھ ہی ستاروں کی جانب سے شئیر کی جانے والے پردے کے پیچھے کی کہانیوں سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں-
لیکن اکثر و بیشتر ان شوز سے کئی تنازعات بھی جنم لے لیتے ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہو جاتی ہے۔ نادیہ افگن نے یمنیٰ زیدی کو فون کرنے سے لے کر معمر رانا کو اوور ریٹیڈ کہنے تک٬ ٹاک شوز میں ستاروں کو اپنی رائے کی وجہ سے کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حال ہی میں عمران عباس نے بھی ان ٹاک شوز کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ عمران عباس پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے ٹاپ اسٹارز میں سے ایک ہیں اور ان ٹاک شوز کا کبھی بھی حصہ نہیں بنتے-
عمران عباس کا ان ٹاک شوز میں مہمان نہ بننے کی وجہ بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ یہ ٹاک شو کے میزبان ہمیشہ منفی سوالات ہی کیوں کرتے ہیں- انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بھی مشورہ دیا کہ شو کے میزبان کیا کہہ رہے ہیں اس کا خیال رکھیں۔ عمران عباس کا کہنا تھا کہ وہ ان منفی سوالات کی وجہ سے ہی ان شوز میں کبھی نہیں جاتے۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی عمران عباس کی اس رائے کی تائید کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو سراہا- صارفین کا کہنا تھا کہ “عمران عباس کی بات درست ہے اور واقعی ان شوز میں چند پیسوں کی خاطر انسانیت کی تذلیل تک کی جاتی ہے“-
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ “ میزبان پہلے خود 4 متنازع سوال کرتے ہیں اور پھر اس کا کلپ بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرواتے ہیں اور پیسے کماتے ہیں“-