ناریل کا پانی ایک ایسی چیز ہے جو نہ صرف ذائقہ دار ہوتا ہے بلکہ اس کے بےشمار طبی فوائد بھی ہیں- لیکن عموماً ہم اس کے طبی فوائد کو نظر انداز کردیتے ہیں یا پھر ان سے لاعلم ہوتے ہیں-
ناریل کا پانی کئی قیمتی غذائی اجزاﺀ سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں وٹامن بی، وٹامن سی، کیلشیم، میگنیشیم، پروٹین اور آئرن پایا جاتا ہے جبکہ اس میں کیلوریز اور چکنائی کم ہوتی ہے۔
ناریل کا پانی پینے سے نہ صرف شوگر کنٹرول میں رہتی ہے بلکہ بلڈپریشر بھی قابو میں رہتا ہے- جس کی وجہ سے انسان دل کے دورے اور ایسی ہی کئی دوسری خطرناک بیماریوں سے بچ جاتا ہے-
یہ ایسا پانی ہے جسے پورے سال ہی استعمال کیا جاسکتا ہے اور طبی فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں-
وزن میں کمی کے شوقین افراد کے لیے ناریل کا پانی معاون ثابت ہوسکتا ہے- اس میں پایا جانے والا پوٹاشیم جسم میں موجود اضافی پانی کو باہر نکال دیتا ہے جس کے ساتھ ہی زہریلے مادے بھی خارج ہوجاتے ہیں-
ناریل کا پانی قبض اور نظامِ ہضم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی مددگار ثابت ہوتا ہے-