حال ہی میں ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ روزانہ 8 سے 10 گلاس پانی پینے کے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن اگر یہی پانی نیم گرم کر کے صبح نہار منہ پیا جائے تو اس کے فوائد میں 100 گنا اضافہ ہوجاتا ہے-
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ انسانی جسم کا 60 فیصد سے زائد حصہ پانی پر مشتمل ہے جس میں دماغ اور دل کا 73 فیصد حصہ پانی ہے، انسانی جسم کے لیے پانی کی مناسب مقدار نہایت ضروری ہے۔
جاپانی طبی ماہرین کے مطابق نہار منہ گرم پانی پینے سے شدید سر درد ( مائیگرین)، ہائی بلڈ پریشر، خون کی کمی، جوڑوں کا درد، دل کی دھڑکن کا ایک دم تیز یا آہستہ ہوجانا، مرگی کاعلاج ، ضدی پیٹ کی چربی، کولیسٹرول، شدید کھانسی، بے چینی، دمہ، کالی کھانسی، رگوں میں چربی جم جانے کے سبب خون کے بہاؤ میں رکاوٹ، معدے کی تیزابیت، بھوک کم لگنا اور ہر بیماری جو آنکھ کان گلے سے متعلق ہو اُس کا علاج کیا جا سکتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اگر 6 سے 8 گھنٹے کی نیند کے بعد کم از کم ایک یا دو گلاس نہار منہ گرم پانی پی لیا جائے تو اس سے بدن میں پانی کی کمی دور ہوجاتی ہے، ناشتے سے قبل 4 سے 6 گلاس نیم گرم پانی پینے سے مزید فوائد حاصل ہوتے ہیں- اس کے علاوہ صبح اٹھتے ہی چائے یا کافی کے استعمال کے بجائے گرم پانی پینا چاہیے۔
نہار مُنہ نیم گرم پانی کی عادت آپ کو بلا وجہ کی بھوک سے بھی بچاتی ہے جس سے آپ کے جسم کی اضافی چربی گھلنے لگتی ہے- یہ عمل بڑھا ہُوا وزن کم کرتا ہے جس سے انسان خود کو ہلکا پھلکا محسوس کرنا شروع کر دیتا ہے۔
قبض کے شکار افراد اگر گرم پانی کا استعمال کریں تو اس سے ایک جانب تو ہاضمے میں مدد ملتی ہے اور دوسری جانب قبض کا بھی خاتمہ ہوتا ہے-
روزانہ صبح اُٹھتے ہی کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے 4 سے 6 گلاس نیم گرم پانی (اتنا گرم کہ زبان نہ جلے اور پینے میں آسانی ہو) پی لیں اور اگر 4 یا 6 گلاس پانی پینا مشکل ہو تو شروع میں یہ عادت 1 گلاس سے شروع کریں اور آہستہ آہستہ پانی کی مقدار کو بڑھا کر اسے چار گلاسوں پر اور پھر چھے گلاسوں پر لے آئیں۔ یاد رکھیں پانی پینے کے بعد پونے گھنٹے تک ناشتہ نہ کریں اور نہ ہی کُچھ کھائیں، 45 منٹ کے بعد اپنے معمول کا ناشتہ کریں اور سارا دن معمول کے مطابق نیم گرم پانی ہی پیتے رہیں۔