لیموں کا رس گھریلو اشیاﺀ کی صفائی کے حوالے سے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ خاص طور پر ایسے داغوں سے نمٹنے کے لیے یہ ایک فائدہ مند چیز ثابت ہوتا ہے جو جان چھوڑنے کا نام ہی نہیں لیتے-
تاہم ویب سائٹ Better Homes & Gardens کے مطابق لیموں کا رس تمام سطحوں اور کپڑوں کے لیے کبھی بھی کلورین بلیچ کے ساتھ نہیں ملایا جانا چاہیے اور نہ ہی ایسی مصنوعات کے ساتھ جن میں بلیچ شامل ہو، کیونکہ یہ مرکب خطرناک زہریلے دھوئیں کا باعث بنتا ہے۔ تباہ کن نقصان سے بچنے کے لیے آپ کو یہ ضرور معلوم ہونا چاہیے کہ کونسی چیزوں کو صاف کرنے کے لیے لیموں کا رس استعمال نہیں کرنا چاہیے-
قدرتی پتھر کی سطحیں، فرش، فرنیچر اور لوازمات کو لیموں کے رس سے ہرگز صاف نہ کریں کیونکہ اس میں موجود تیزاب سنگ مرمر، گرینائٹ اور دیگر قدرتی پتھروں میں گڑھے کا سبب بن سکتا ہے۔
لیموں کا رس لکڑی کے فرش پر لگے سیلنٹ کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی چمک ختم ہو جاتی ہے۔ اس لیے لیموں سے لکڑی کے فرش کی صفائی سے گریز کرنا چاہیے۔
اگرچہ یتل کو لیموں کے رس سے پالش کیا جا سکتا ہے، لیکن تانبے کی قلعی کی گئی اشیاء کو کبھی بھی لیموں کے رس سے صاف نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہ پلیٹنگ کو خراب کر سکتا ہے۔
لیموں کا رس گہرے اور چمکدار رنگ کے کپڑوں پر بلیچنگ اثر ڈال سکتا ہے، جس سے رنگ کو ناقابل واپسی نقصان ہوتا ہے۔ اس لیے ایسے کپڑوں پر بھی لیموں کا رس استعمال کرنے سے گریز کریں-