موٹی بھنوؤں والے انتہائی پراعتماد ہوتے ہیں٬ آپ کی بھنویں آپ کی شخصیت آپ کے کونسے رازوں سے پردہ اٹھاتی ہیں؟

اُردو وائر  |  Jul 15, 2023

کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ کی بھنویں صرف آپ کی آنکھوں اور چہرے کی خوبصورتی کو نہیں بڑھاتیں بلکہ یہ آپ کی شخصیت کو بھی ظاہر کرتی ہیں۔

جنگ نیوز کے مطابق اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کی بھنویں موٹی ہیں، پتلی ہیں، سیدھی ہیں یا محرابی شکل کی؟ ان میں آپ کی شخصیت کے راز پوشیدہ ہیں کہ آپ کو کیا پسند ہے اور کیا ناپسند، آپ کی ترجیحات، آپ کی سوچ، آپ کی جذباتی ذہانت اور آپ کا آئی کیو لیول کیا ہے۔

آئیے ہم آپ کو آپ کی شخصیت سے متعلق چند دلچسپ نفسیاتی حقائق سے آگاہ کرتے ہیں، جو صرف آپ کی بھنوؤں سے معلوم ہوتے ہیں۔

1: موٹی بھنوؤں والی شخصیت

اگر آپ موٹی بھنوؤں کے مالک ہیں تو یہ آپ کے آزادانہ مزاج کو ظاہر کرتی ہیں، آپ چیزوں کو ان کے فطری انداز میں پسند کرتے اور ان کی تعریف کرتے ہیں، آپ کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ لوگ آپ کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ آپ اپنی زندگی کو مکمل طور پر آزاد، اپنے نظریات اورخیالات کے مطابق گزارنا پسند کرتے ہیں۔

آپ مختلف چیزوں کے بارے میں اپنے نقطہ نظر پیش کرنے میں کافی حد تک محتاط رہتے ہیں، آپ ایک چیز پر ہی اکتفا نہیں کرتے۔ اس کے علاوہ ایسے افراد فیصلہ کن اور انتہائی پراعتماد بھی ہوتے ہیں۔

ایسے افراد منطقی اور دور اندیش سوچ رکھتے ہیں، جذبات کی بنیاد پر فیصلے نہیں کرتے، ثابت قدم رہتے ہیں۔ آپ کو اپنے اہداف کے حصول سے روکنا بہت مشکل ہے۔

شخصیت کی اہم خصوصیات : آزاد خیال، حوصلہ مند، قدرتی خوبصورتی سے محبت، اپنی زندگی کو فیصلہ کن، انتہائی پراعتماد اور منطقی انداز سے گزارنا۔

2: پتلی بھنوؤں والی شخصیت

ایسے افراد جن کی بھنویں پتلی ہیں تو ان کی شخصیت عموماً اندر سے اعتماد کی کمی کو ظاہر کرتی ہے اور ہو سکتا ہے یہ دکھاوا کرنے کی کوشش کرتے ہوں کہ وہ بہت پُراعتماد ہیں۔

ایسے افراد کو فیصلہ سازی میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے، وہ کسی نتیجے پر پہنچنے کے لیے دوسروں سے مدد چاہتے ہیں، موٹی بھنوؤں والے افراد کے مقابلے ان میں بہادری کی کمی ہوتی ہے۔

اگر کوشش کریں تو مستقبل میں بہت آگے دیکھ سکتے ہیں، ایسے افراد دوسروں کو باآسانی کچھ بھی کرنے کے لیے قائل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ شائستہ مزاج اور ڈرپوک ہوسکتے ہیں، انہیں نازک انداز میں سنبھالنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

شخصیت کی اہم خصوصیات : اندر سے اعتماد کی کمی، فیصلہ سازی میں دشواری، زیادہ سوچنا اور دوسروں کو قائل کرنا۔

3: محرابی بھنوؤں والی شخصیت

اگر آپ کی بھنویں محرابی ہیں تو آپ کی شخصیت کی خصوصیات ظاہر کرتی ہیں کہ آپ پُرجوش، بےصبری اور قائدانہ خصوصیات کے مالک ہیں، آپ ڈرامائی بھی ہو سکتے ہیں۔

آپ کو بڑی بڑی باتیں کرنا پسند ہیں آپ چاہتے ہیں کہ لوگ آپ کی موجودگی کو محسوس کریں لیکن اس میں آپ کو کامیابی نہیں ملتی، آپ دوسروں کی توجہ کا مرکز بننے سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔

آپ ایک دل لگی شخصیت کے مالک ہیں۔ آپ کے پاس عام طور پر بات کرنے کے لیے دلچسپ چیزیں بھی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے لوگ آپ کی جانب متوجہ ہوتے ہیں۔ لوگ آپ کو کسی ایسے شخص کے طور پر سمجھتے ہیں جو پہلے تاثر میں ہی نمایاں ہوجاتا ہے لیکن آپ دوسری جانب انتہائی محتاط اور حساس بھی ہوسکتے ہیں۔

آپ اگر ایک بار جب کسی کے ساتھ راحت محسوس کرتے ہیں تو آپ اپنے خیالات اور احساسات کا اظہار کرنے میں بہت جذباتی بھی ہوسکتے ہیں۔

شخصیت کی اہم خصوصیات : بے صبری، قائدانہ خصوصیات کے مالک، ڈرامائی، توجہ کا مرکز بننے کے لئے بے تاب، دوسروں کی حفاظت کرنے کے جذبے سے سرشار۔

4: سیدھی بھنوؤں والی شخصیت

اگر آپ کی بھنویں سیدھی ہیں تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ انتہائی منطقی انسان ہیں۔ آپ جذباتی ہونے کی بجائے عقل مندی سے سوچنے کو ترجیح دیتے ہیں، آپ کسی بھی چیز میں دخل اندازی کرنے سے پہلے بہت احتیاط سے کام لیں گے، آپ ایک ایسے دانشور ہیں جو احساسات کے بجائے حقائق اور اعداد و شمار کو دیکھتا ہے۔

آپ اپنے عقلی نقطہ نظر کی وجہ سے اپنی پیشہ ورانہ کوششوں پر سبقت لے جاتے ہیں کیونکہ آپ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو الگ الگ رکھنے میں انتہائی مہارت رکھتے ہیں۔

رشتے نبھانے میں آپ کو شاذ و نادر ہی کوئی جذباتی معاملہ پیش آتا ہے، آپ کسی ایسے شخص کو ترجیح دیتے ہیں جو آپ کی طرح جذباتی لیکن سوجھ بوجھ رکھنے والا ہو۔ فوری اور جذباتی فیصلے کرنا آپ کا وطیرہ نہیں ہے، آپ ضدی اور سیدھے سادے ہوسکتے ہیں۔ آپ اپنی باتوں کو زیادہ وضاحت دیئے بغیر سیدھی اور صاف بات کہنے کے قائل ہیں۔

شخصیت کی اہم خصوصیات : انتہائی منطقی، فکرمند، ضدی، فیصلے کی بھرپورصلاحیت، سیدھی سادی شخصیت۔

5: ملی ہوئی بھنوؤں والی شخصیت

اگر آپ کی بھنویں ملی ہوئی ہیں تو یہ ظاہر کرتی ہیں کہ آپ کو اس بات کی زیادہ پرواہ نہیں ہے کہ دنیا آپ کو کس طرح دیکھتی ہے۔ آپ اپنی انفرادیت کو پسند کرتے ہیں۔ آپ کے پاس ایک تخلیقی ذہن ہے، ضروری نہیں کہ آپ کا تعلق فنون کے شعبہ جات سے ہو لیکن آپ ہمیشہ اپنے لیے خود ایسی جگہ بنالیتے ہیں جہاں آپ اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرسکیں۔

آپ دن میں بہت زیادہ وقت خواب دیکھنے اور ایسی سرگرمیوں میں گزار سکتے ہیں جو آپ کے دماغ کو آزاد کردیں۔ آپ لاجواب چیزوں کو پسند کرتے ہیں۔ آپ ایک مہربان شخصیت ہیں لیکن بعض اوقات بعض حالات میں آپ کیلئے کسی کو معاف کرنا مشکل عمل ہوتا ہے۔

شخصیت کی اہم خصوصیات: انفرادیت کو پسند کرتے ہیں، دن میں خواب دیکھنے والے، شاندار چیزوں کے دلدادہ، مہربان اور تجزیہ کرنے والے۔

6: بھنوؤں کے درمیان فاصلے والی شخصیت

اگر آپ کی بھنوؤں کے درمیان بڑا فاصلہ ہے تو یہ ظاہر کرتا ہے کہ آپ ایک محبت کرنے والے انسان ہیں جو بعض اوقات دوسروں کا بہت زیادہ خیال رکھنے کا باعث بنتے ہیں۔ اگرچہ چوڑی بھنوؤں والی شخصیت والے لوگ عام طور پر سیدھے سادھے ہوتے ہیں آپ بیرونی عوامل سے آسانی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

آپ اپنے آپ کو بیک وقت کئی معاملات میں پھنسا ہوا پا سکتے ہیں، بعض اوقات آپ چیزوں کے انتخاب میں غلط فیصلے بھی لے سکتے ہیں۔ آپ کبھی کبھار جذبات یا گھبراہٹ کی وجہ سے جلدی میں کوئی بھی غلط فیصلہ کرسکتے ہیں۔ آپ بغیر کسی منصوبے کے زندگی میں عمل یا حرکت کرسکتے ہیں، لوگ آپ پر اعتماد کرتے ہیں کیونکہ آپ ایک اچھے اور لوگوں کی بات غور سے سنتے ہیں۔

شخصیت کی اہم خصوصیات : دوسروں سے محبت کرنے والا، سیدھا سادہ، جذبات یا گھبراہٹ کی وجہ سے فیصلہ لینے والا، دوسروں کی باتوں کو غور سے سننے والا۔

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More