پاکستان میں بدقسمتی سے ایک ٹرینڈ یہ بھی ہے کہ ہر مقبول ہوجانے والی چیز کے نام پر کئی کئی مصنوعات کا نام رکھ دیا جاتا ہے۔
اب اسے بے حسی کہا جائے یا موقع پرستی، اوشین گیٹ نامی آبدوز ڈوبنے کے نتیجے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہونے کے بعد جن میں دو پاکستانی باپ بیٹا بھی شامل تھے۔
اے آر وائی کے مطابق اب پاکستانی مارکیٹ میں مبینہ طور پر ”آبدوز پاپڑ“ کے نام سے ایک نیا اسنیک اچاری فلیور میں دستیاب ہے جس کے پیکٹ پر مشہور زمانہ ٹائٹن آبدوز کی تصویر بھی نمایاں ہے، یعنی اوشین گیٹ آبدوز اب چند روپے میں دستیاب ہے۔
سوشل میڈیا پر اس طرح کی پوسٹ دیکھ کر صارفین ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں، کچھ کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کیلئے یہ افسوسناک واقعہ تھا خصوصاً پاکستان کیلئے بھی کیونکہ اس آبدوز میں دو پاکستانی باپ بیٹا بھی موجود تھے، تو کسی نے اس پوسٹ کو محض تفریح سمجھتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کمنٹس کیے۔
مذکورہ پاپڑ کی پیکجنگ پر جملہ ’ٹائی ٹینک کے مزے‘ بھی درج ہے جس سے یہ بات تو واضح ہے کہ اب صرف امیر ہی نہیں بلکہ غریب بھی اوشین گیٹ کے مزے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر چند گھنٹو ں میں شہرت پانے والے ’آبدوز پاپڑ‘ کے حوالے سے ٹوئٹر پر یہ خبر بھی سامنے آگئی کہ مذکورہ پاپڑوں کا حقیقت میں کوئی تصور نہیں ہے بلکہ یہ ایک ’چُلبُل‘ نامی پاپڑوں کے پیکٹ کی تصویر کو ایڈٹ کر کے ’آبدوز پاپڑ‘ بنادیا گیا ہے، لہٰذا ٹائیٹین سے لطف اندوز ہونے کیلئے فی الحال امیر ہونا پہلے کی طرح اب بھی لازمی شرط ہے۔