انٹرنیٹ پر وائرل ایک ویڈیو میں سانسیں روک دینے اور دہشت زدہ کر دینے والے منظر کو دکھایا گیا ہے۔ ان دنوں دنیا بھر میں دنیا بھر میں چھٹیاں گزارنے والوں سے بھرے ساحلوں کے قریب شارک کی تیراکی اور گزرنے کی ویڈیوز بہت زیادہ سامنے آ رہی ہیں۔
العریبیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو میں ایک تیراک کو گہرے پانی میں تیرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے دوست ایک کشتی سے اس کی ویڈیو بنا رہے تھے کہ اسی دوران خوفزدہ کردینے والا واقعہ پیش آگیا اور ایک شارک تیراک کو چھوتے ہوئے اس کے نیچے سے گزر گئی۔
ایک دوست نے تیراک کو خبردار کیا کہ وہ پرسکون ہو جائے اور پرجوش نہ ہو یا حرکت نہ کرے تاکہ شارک کی توجہ اپنی طرف مبذول نہ ہو اور شارک اس پر حملہ نہ کر سکے۔ درحقیقت تیراک چند سیکنڈ کے لیے خاموش رہنے میں کامیاب رہا لیکن جب شارک نے اسے چھوا تو وہ برداشت نہ کرسکا اور رو پڑا اور اس کے چہرے پر دہشت کے آثار نمودار ہوگئے۔
یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ترکیہ کی ینی شفق ویب سائٹ کی جانب سے شائع ہونے والی یہ ویڈیو کس علاقے کی ہے۔ تاہم یہ واضح ہے کہ معاملہ پرامن طریقے سے گزر گیا اور تیراک کشتی پر سوار ہو گیا۔