سابق وزیر اعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ڈی آئی خان جاتے ہوئے راستے میں ہیلی کاپٹر کے دونوں انجن فیل ہوگئے اور وہ معجزانہ طور پر بچ گئے۔
اس واقعے کی اطلاع جنون بینڈ کے گلوکار سلمان احمد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے دی، انہوں نے ہیلی کاپٹر میں سوار عمران خان کی پرسکون انداز میں بیٹھے تصویر جاری کی اور بتایا کہ میں نے یہ تصویر اس وقت لی جب ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے عمران خان کو ہیلی کاپٹر کے دونوں انجن فیل ہونے کی اطلاع دی اور بتایا کہ ہمیں ہنگامی لینڈنگ کی ضرورت ہے۔
سلمان احمد نے لکھا کہ عمران خان نتائج کو سمجھتے تھے لیکن اس صورتحال میں بھی وہ اطمینان سے بیٹھے رہے اور کسی بھی قسم کے جذبات سے عاری رہے، یہ خدا کا خاص کرم ہے جس نے ہمیں بچایا۔
سلمان احمد نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ آج عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں میں ہیلی کاپٹر کے دونوں انجن فیل ہونے کا تجربہ کیا اور یہ تجربہ وہاں موجود لوگوں سے بھی بیان کیا۔
سلمان احمد نے بتایا کہ ہمیں کرکٹ کی پچ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، اس صورتحال میں بھی عمران خان نے کوئی خوف نہیں دکھایا جبکہ پائلٹ بے چین تھے بلاشبہ اسے ایک معجزاتی لینڈنگ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔
گلوکار نے پائلٹ کی بھی تصویر جاری کی اور ساتھ لکھا کہ ‘ان پائلٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہیلی کاپٹر کو محفوظ مقام پر اتارنے کے لیے کرکٹ گراؤنڈ تلاش کیا۔ ‘