سوئٹزرلینڈ کا امریکہ، ایران، قطر اور پاکستان کے مابین شیڈول مذاکرات ملتوی ہونے کا اعلان

بی بی سی اردو  |  Jun 19, 2026

Getty Images

سوئٹزرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ، ایران، پاکستان اور قطر کے مابین شیڈول مذاکرات ملتوی ہو گئے ہیں تاہم سوئس حکام ان مذاکرات کے لیے اپنے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے وفاقی محکمہ برائے اُمور خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برگن شٹاخ میں اس سلسلے میں تیاریاں جاری ہیں تاہم فی الحال اس سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتی ہیں۔

اس سے پہلے وائٹ ہاؤس نے بھی تصدیق کی تھی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس ایرانی حکام سے مذاکرات کے لیے جمعے کو سوئٹزرلینڈ نہیں جائیں گے تاہم اُن کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان مزید تفصیلات ملنے پر ہی کیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے جمعرات کی شام صحافیوں کو بتایا کہ جیسا کہ ’نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ تکنیکی مذاکرات کو ابھی حتمی شکل نہیں دی گئی اور امریکی وفد کو جلد از جلد روانہ ہونے کے لیے تیار کیا گیا ہے تاہم ان مذاکرات کے آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ لہذا انھی وجوہات کی بنا پر نائب صدر جمعے کو سوئٹزر لینڈ نہیں جا سکیں گے۔‘

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعرات کے روز ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے کہا تھا کہوہ سوئٹزرلینڈ جانے کے لیے تیار ہیں لیکن ابھی تک صحیح تفصیلات معلوم نہیں اور یہ دورہ ہفتے یا اتوار کو ہو سکتا ہے۔

امریکہ اور ایران کے صدور کی جانب سے جمعرات کی علی الصبح (پاکستانی وقت کے مطابق) مفاہمت کی یادداشت پر دستحظ کے بعد سب سے اہم یہ پوچھا جا رہا تھا کہ آج (جمعہ) سوئٹزر لینڈ میں کیا ہونے جا رہا ہے۔

یہ سوال پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے وہ صحافی بھی کرتے نظر آ رہے ہیں جو سوئٹزر لینڈ میں ’مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی باقاعدہ تقریب‘ کی اُمید لیے یہاں پہنچے ہیں۔

بی بی سی اُردو کے نمائندے عمر دراز ننگیانہ اور خالد کرامت بھی برگن شٹاخ (سوئٹزر لینڈ) میں موجود ہیں۔

برگن شٹاخ میں موجود ایک پاکستانی سفارتی ذریعے نے بی بی سی کی ٹیم کو بتایا کہ انھیں پاکستانی اعلیٰ حکام کی جانب سے مطلع کیا گیا کہ 19 جون کو کوئی باقاعدہ تقریب منعقد نہیں ہو رہی۔ سفارتی ذریعے کے مطابق پاکستانی سفارتی عملہ اب ’واپسی کی تیاری‘ کر رہا ہے۔

پاکستان کے ایک اور اعلیٰ سفارتی ذریعے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی انڈر سٹینڈنگ تھی کہ اس تقریب کا انعقاد ہو گا اور امریکہ، ایران اور پاکستان (بطور ثالث) کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر باقاعدہ دستخط یہیں برگن شٹاخ میں ہوں گے، اور اسی لیے پاکستان کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے تھے۔

انھوں نے کہا مگر اس کے برعکس صدر ٹرمپ اور صدر پزشکیان نے معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کر دیے، جس کے بعد یہ یادداشت پاکستان کو بھی بھجوائی گئی جس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی بطور ثالث دستخط کر دیے۔

سفارتی ذریعے کے مطابق پلان یہی تھا کہ دستخط کے بعد امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا مرحلہ یہیں برگن شٹاخ میں ہو گا، مگر اب یہ واضح نہیں کہ اس ابتدائی مرحلے کا آغاز 19 جون (جمعہ) کو ہو پائے گا یا نہیں۔

Getty Imagesبی بی سی اُردو کے نمائندے عمر دراز ننگیانہ اور خالد کرامت بھی برگن شٹاخ (سوئٹزر لینڈ) میں موجود ہیں

بی بی سی اُردو کی سوئٹزرلینڈ میں موجود ٹیم کے مطابق پاکستان کی طرح دنیا بھر سے میڈیا یہاں پہنچا اور اُن میں سے بیشتر صحافیوں کو یہاں پہنچ کر ہی اطلاع ملی کہ شاید اب یہ تقریب منعقد نہیں ہو رہی۔

انھوں نے بتایا کہ سوئس حکام نے اس تقریب کے لیے انتظامات کر رکھے تھے اور میڈیا کے لیے بھی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے منسلک صحافیوں کی ٹیم بھی اس تقریب کی کوریج کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچی تھی تاہم پی ٹی وی کے ایک سینیئر عہدیدار نے بی بی سی اُردو کو تصدیق کی کہ اس ٹیم کو اب واپس بُلا لیا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ اس تقریب سے متعلق سرکاری ٹی وی کا مکمل کوریج پلان تھا جسے اب منسوخ کر دیا گیا۔ اُن کے مطابق پی ٹی وی سے منسلک صحافی جمعہ کی فلائٹ سے واپس آ رہے ہیں۔

باضابطہ دستخط کی تقریب کی منسوخی

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے 15 مئی کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی باقاعدہ تقریب سوئٹزر لینڈ میں ہو گی اور پاکستان اس تقریب کا میزبان ہو گا۔

اس سے اگلے روز صدر ٹرمپ نے بھی عندیہ دیا تھا کہ معاہدے پر دستخط کرنے کی سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی باقاعدہ تقریب میں امریکہ کی جانب سے نائب صدر جے ڈی وینس شریک ہوں گے جبکہ ایران کی جانب سے اطلاع آئی تھی کہ ایرانی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف اس تقریب میں شریک ہوں گے۔

ان ہی اطلاعات کے بعد پاکستان اور دیگر بین الاقوامی اداروں کے صحافیوں نے سوئٹزر لینڈ کا رُخ کرنا شروع کر دیا تھا۔

تاہم پاکستانی وقت کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لگ بھگ تین بجے وائٹ ہاؤس کی جانب سے اطلاع سامنے آئی کہ صدر ٹرمپ نے مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کر دیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے یہ دستخط فرانس میں ورسائی محل میں کیے اور اس موقع پر فرانسیسی صدر بھی موجود تھے۔ دستخط کرنے کے موقع پر بنائی گئی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی۔ بعدازاں ایران کی جانب سے بھی آگاہ کیا گیا کہ صدر مسعود پزشکیان نے بھی اس یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔

یہ خبر سامنے آنے کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں فریقین کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی اطلاع دی کہ ’پاکستان، معاون ثالث ریاست قطر کی معاونت سے، اس اہم سنگِ میل کی یاد میں 19 جون 2026 کو سوئٹزرلینڈ میں طے شدہ سرکاری تقریب کی میزبانی کرے گا اور اس کے ساتھ ہی تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔'

تاہم کچھ ہی دیر بعد اُن کے اکاؤنٹ سے کی گئی یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی گئی اور اپڈیٹیڈ پوسٹ سے 19 جون کی تقریب کا حوالہ نکال دیا گیا۔

شہباز شریف کو اس تقریب میں شرکت کے لیے جمعرات کو سوئٹزر لینڈ روانہ ہونا تھا مگر بعدازاں یہ دورہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بی بی سی اُردو کے روحان احمد سے بات کرتے ہوئے یہ دورہ ملتوی ہونے کی تصدیق کی اور کہا کہ امریکی اور ایرانی صدور کی جانب سے دستاویز پر الیکٹرانک دستخط کیے جانے اور اور شہباز شریف کی بطور ثالث توثیق کے بعد یہ تقریب منسوخ کر دی گئی۔

دوسری جانب جمعرات ہی کی شب اپنے ایک پیغام میں ایران کی رہبر اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای نے ایرانی حکام کو امریکہ سے براہِ راست مذاکرات کی اجازت دے دی تاہم کہا کہ ’آئندہ ہونے والے براہِ راست مذاکرات کا مقصد دشمن کے مؤقف کو تسلیم کرنا نہیں ہو گا۔‘

300 ارب ڈالر کا سوال: ایران کی تعمیر نو اور معاشی ترقی کے لیے اربوں ڈالرز کی ادائیگی کون کرے گا؟تین صفحات پر مشتمل امریکہ، ایران ’مفاہمتی یادداشت‘ کے اہم نکات کیا ہیں؟سستا ایرانی تیل یا امریکہ سے سفارتی فوائد، کیا ’مرکزی ثالث‘ پاکستان کو امن معاہدے سے کچھ ملے گا؟امریکہ، ایران امن معاہدہ نیتن یاہو کے لیے ڈراؤنا خواب کیسے ثابت ہو رہا ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More