’بڑا، بھدا اور موٹا‘: امریکی فضائیہ کا گر کر تباہ ہونے والا بی 52 بمبار طیارہ کیا ہے؟

بی بی سی اردو  |  Jun 16, 2026

Gamma-Rapho via Getty Imagesسنہ 2001 کی تصویر، امریکہ کا بی 52 طیارہ افغانسان پر بمباری کرتے ہوئے

امریکی فضائیہ کا بی 52 بمبار طیارہ جنوبی کیلیفورنیا کے ایڈورڈز ایئر فورس بیس سے اُڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ واقعہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 20 منٹ (پاکستانی وقت سوموار کی رات 12 بج کر 20 منٹ) پر پیش آیا جب طیارہ معمول کی ایک آزمائشی پرواز پر تھا۔ حادثے کے بعد سیاہ دھوئیں کا ایک بڑا بادل فضا میں بلند ہوا جو میلوں دور سے دیکھا جا سکتا تھا۔

کرنل جیمز ہیز نے صحافیوں کو بتایا کہ ’آج ایڈورڈز ایئر فورس بیس پر ایک خوفناک سانحہ پیش آیا اور ہم نے آٹھ عظیم امریکیوں کو کھو دیا، جن میں فوجی اہلکار، سویلین سرکاری ملازمین اور سرکاری ٹھیکیدار شامل تھے۔‘

ہیز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے اہلِخانہ کو مطلع کیا جا رہا ہے اور 24 گھنٹوں کے بعد ان کے نام جاری کیے جائیں گے۔

انھوں نے بتایا کہ حادثہ ایڈورڈز ایئر فورس بیس کے رن وے پر پیش آیا اور بیس کی سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

ان کے مطابق بی 52 طیارہ بیس کے ریڈار کو جدید بنانے کے پروگرام میں معاونت کر رہا تھا اور اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔

ہیز کے مطابق حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی اور اس کا تعین تحقیقات کے بعد ہی ہو گا، جن میں 30 دن تک لگ سکتے ہیں جبکہ مزید تفصیلی جانچ میں چھ ماہ سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

Reutersامریکی فضائیہ کا بی 52 بمبار طیارہ جنوبی کیلیفورنیا سے اُڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے

جس مقام پر حادثہ پیش آیا وہاں کے فضائی مناظر سے دکھائی دیتا ہے کہ زمین سیاہ ہو چکی ہے اور دھواں فضا میں بلند ہو رہا ہے۔

اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکسپر جاری بیان میں ائیر فورس بیس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ فضائی اڈہ بند کر دیا گیا اور آنے والے تمام طیاروں کا رخ موڑا جا رہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہنگامی اقدامات پر مکمل توجہ دینے کے لیے ملاقاتی پاس اگلے حکم تک معطل کر دیے گئے ہیں۔‘

ایڈورڈز ایئر فورس بیس لاس اینجلس سے تقریباً 160 کلومیٹر شمال میں، موہاوی صحرا میں واقع ہے۔

کانگریس کے رکن جے اوبرنولٹے، جن کے حلقے میں یہ بیس شامل ہے، نے فیس بک پر لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ ’بی 52 حادثے سے متاثر عملے، ان کے خاندانوں اور امدادی کارکنوں کے لیے دعاگو ہیں۔‘

مشِیگن سے ریپبلکن رکن کانگریس لیزا میک کلین نے بھی ایکس پر لکھا کہ ’میری دعائیں اس حادثے سے متاثر تمام افراد کے ساتھ ہیں۔‘

انھوں نے جائے حادثہ پر خدمات فراہم کرنے والی امدادی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے فوجی ہر روز اس ملک کے دفاع کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔ ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘

ترک ساختہ ’بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ‘ جسے فضائی جنگ کا ’گیم چینجر‘ قرار دیا جا رہا ہےدبئی ایئر شو: بوئنگ اور ایئر بس کا ’مقابلہ،‘ ’تیجس‘ کی تباہی اور اربوں ڈالرز کے معاہدوں کی کہانی’یہ وہ جہاز ہے جو کبھی تباہ نہیں ہوتا‘: ترکی کا سی 130 طیارہ کیسے تباہ ہوا؟ قیاس آرائیاں اور سوالاتپی کے 268: پی آئی اے کا طیارہ جو رن وے پر اُترنے کے بجائے ہمالیہ کی پہاڑی سے جا ٹکرایابی 52 بمبار طیارہ کیا ہے؟

بوئنگ بی 52 سٹریٹو فورٹریس 1950 کی دہائی سے امریکی فوج کے زیر استعمال ہے۔ اسے ’دی بف‘ بھی کہا جاتا ہے جو جزوی طور پر ’بگ اَگلی فیٹ (یعنی بڑا، بھدا اور موٹا)‘ کا مخفف ہے۔ اس بمبار طیارے کی لمبائی 159 فٹ ہے اور اس کے پر 185 فٹ کے ہیں۔

بی 52 طویل فاصلے تک پرواز کرنے والا سٹریٹجک بمبار ہے جو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران وہاں بمباری میں بھی شامل رہا۔

آٹھ انجن والے بی 52 کو بیسویں صدی کا سب سے زیادہ خطرناک بمبار طیارہ سمجھا جاتا ہے اور اسے امریکہ کی تین نسلوں نے اڑایا۔ اس جہاز نے ویتنام کی جنگ، عراق کی دو جنگوں اور افغانستان کے خلاف ایک جنگ میں بھی حصہ لیا۔

یہ طیارہ 650 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے 50 ہزار فٹ کی بلندی تک پرواز کر سکتا ہے (جبکہ مسافر طیارے عموماً 35 ہزار فٹ تک پرواز کرتے ہیں)۔ یہ 70 ہزار پاؤنڈ وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور سینکڑوں روایتی بموں کے ساتھ ساتھ 32 جوہری کروز میزائل لے کر اڑان بھر سکتا ہے۔

یہ فضا میں ہی ایندھن حاصل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے، جس سے اس کی پرواز کرنے کی حد تقریباً لامحدود ہو جاتی ہے اور اس کا یہ مطلب بھی ہے کہ یہ دنیا کے کسی بھی حصے میں کارروائی کے لیے جا سکتا ہے۔ سرد جنگ کے دوران اس نے امریکہ کے لیے ’جوہری چھتری‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

30 سال تک بی 52 بمبار طیارہ اڑانے والے کرنل کیتھ شلٹز کا کہنا ہے کہ ’ہم جب اس جہاز پر ہتھیار لادتے ہیں تو دنیا اس کا نوٹس لیتی ہے۔ یہ جہاز میدان جنگ میں سب سے پہلے پہنچتا ہے۔ اس کا کام رکاوٹیں ہٹانا ہے تاکہ دیگر جہاز آ کر اپنا کام آسانی سے کر سکیں۔‘

شلٹز کا کہنا ہے ’یہ ایک انوکھا تجربہ ہے کہ ہزاروں میل دور جنگ میں حصہ لیا جائے۔ 25 ہزار فٹ کی بلندی پر آپ کو جنگ کی آوازیں نہیں آئیں۔ آپ کو دو سو پاؤنڈ بم کے پھٹنے کی آواز نہیں آتی۔‘

AFP via Getty Images

1991 میں عراق کے خلاف آپریشن ڈیزرٹ سٹارم میں حصہ لینے والے کرنل وارن وارڈ کا کہنا ہے کہ ’اگرچہ یہ ایک بد شکل جہاز ہے لیکن اپنا کام پورا کرتا ہے۔ دیگر جہاز بنائے گئے تاکہ بی 52 کی جگہ لی سکیں۔ بی ون بمبار آیا لیکن اس کی جگہ نہ لے سکا۔ پھر بی ٹو آیا اور وہ بھی کامیاب نہ ہوا۔‘

کرنل وارن وارڈ کا کہنا ہے ’یہ جہاز جتنا بڑا ہے اس لحاظ سے اس کے اندر عملے کے لیے خاص جگہ نہیں۔ یہ طیارہ لوگوں کے لیے نہیں بلکہ بمباری کے لیے تیار کیا گیا تھا۔‘

کرنل وارڈ نے ایک بار یہ جہاز 47.2 گھنٹے تک اڑایا تھا۔ ’ہم نے برکسڈیل سے مشرق کی جانب اڑان بھری اور دوبارہ برکسڈیل پر لینڈ کیا۔ یعنی تقریباً پوری دنیا کا سفر کیا۔‘

ان کا کہنا ہے کہ اس جہاز میں آرام کا سوچنا بھی نہیں چاہیے کیونکہ اس میں صرف سیڑھی پر سیدھا کھڑا ہوا جا سکتا ہے۔

’آپ اس میں داخل ہوتے ہیں اور آپ کو گرمی کا احساس ہوتا ہے اور آپ کے پسینے چھوٹتے ہیں لیکن جیسے آپ بلندی پر پہنچتے ہیں تو سخت سردی ہو جاتی ہے لیکن پسینے کی وجہ سے آپ کے کپڑے گیلے ہو جاتے ہیں جس کی وجہ سے آپ کو مزید سردی لگتی ہے۔‘

بی 52 بمبار طیارے کی یہ صلاحیت کہ یہ دنیا بھر میں کارروائی کر سکے، جنگوں میں ایک نئی چیز ہے اور اس کا نفسیاتی اثر بہت زیادہ ہے۔

کرنل وارڈ کا کہنا ہے ’میں اپنے گھر میں سو کر اٹھتا، ٹیک آف کرتا، دنیا کے دوسرے حصے میں جنگ میں حصہ لے کر واپس اپنے گھر میں آ کر سو جاتا۔‘

عام طور پر اس طیارے میں پانچ افراد کا عملہ ہوتا ہے، جس میں طیارہ کمانڈر، پائلٹ، ریڈار نیویگیٹر، نیویگیٹر اور الیکٹرانک وارفیئر افسر شامل ہوتے ہیں۔

جیسے جیسے ٹیکنالوجی میں جدت آتی گئی اسی طرح بی 52 میں بھی جدت لائی گئی۔ اس کے اوپر والے حصے میں عملے کا ایک اہلکار ریڈار جیمر آپریٹ کرتا ہے تاکہ طیارہ شکن میزائل اور جنگی طیاروں کو چکمہ دیا جا سکے۔

’ہم اب آسمان کی طرف نہیں دیکھتے‘: جب فضا میں اُڑتا طیارہ اچانک عمارت پر آ گراایران میں امریکی ایف-15 لڑاکا طیارہ ’مار گرایا گیا‘، ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟مسافر طیارے کی فائر ٹرک سے ٹکر، دو پائلٹس ہلاک: امریکہ کے ایک مصروف ایئرپورٹ پر کیا ہوا؟طیاروں کی تباہی کے بڑھتے واقعات، انڈیا کا بڑی فوجی طاقت بننے کا خواب کیسے متاثر کر رہے ہیں؟بنگلہ دیش سمیت کئی ممالک پاکستانی جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیارے میں دلچسپی کیوں ظاہر کر رہے ہیں؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More