متحدہ عرب امارات کا 60 سال بعد اوپیک چھوڑنے کا فیصلہ اہم کیوں ہے؟

بی بی سی اردو  |  Apr 30, 2026

Getty Images

یہ کوئی عام بات نہیں کہ متحدہ عرب امارات نے تیل برآمد کرنے والے ممالک کی ایک ایسی تنظیم (اوپیک) سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے جس کا وہ سنہ 1971 یعنی قومی ریاست بننے سے پہلے کا رُکن تھا۔

اوپیک زیادہ تر خلیجی تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم ہے، جس نے کئی دہائیوں تک خام تیل کی قیمت کو پیداوار کم یا زیادہ کر کے اور اپنے رُکن ممالک کا کوٹہ مختص کرنے کے ذریعے کنٹرول کیا ہے۔

امریکہ، ایران تنازع کی تازہ ترین صورتحال بی بی سی اُردو کے لائیو پیج پر

اس تنظیم کا 1970 کی دہائی میں تیل کے اُن بحرانوں میں اہم کردار رہا ہے، جنھوں نے عالمی توانائی پالیسی کو بدل کر رکھ دیا تھا۔

اگرچہ اوپیک کی پیداوار پر سعودی عرب کا غلبہ ہے، لیکن متحدہ عرب امارات کے پاس دوسری سب سے زیادہ اضافی پیداواری صلاحیت تھی۔ دوسرے لفظوں میں، یو اے ای دوسرا سب سے اہم سوئنگ پروڈیوسر تھا، جو قیمتوں میں کمی لانے کے لیے پیداوار بڑھانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

درحقیقت، یہی امر یو اے ای کے موقف پر طویل مدتی نظرِ ثانی کا باعث بنا۔ سادہ الفاظ میں، یو اے ای اس قابلِ ذکر صلاحیت کو استعمال کرنا چاہتا تھا جس میں اس نے سرمایہ کاری کی ہے۔

BBC

اوپیک کے کوٹے اس کے رُکن ممالک کی تیل کی پیداوار کو 30 سے 35 لاکھ بیرل یومیہ تک محدود رکھتے تھے اور تنظیم کی رکنیت کے نتیجے میں یو اے ای غیرمتناسب طور پر (کم پیداوار کے ذریعے) قربانی دے رہا تھا جس کا نتیجہ اس کی تیل کی فروخت سے ہونے والی آمدنی میں کمی کی صورت میں نکلتا تھا۔

تاہم اب جب یو اے ای کی جانب سے یہ فیصلہ سامنے آیا ہے تو اس کے ایران جنگ کے اثرات سے منسلک ہونے کا اشارہ بھی ملتا ہے۔ خلیج میں جاری تنازع نے ایران کے ساتھ یو اے ای کے تعلقات کو متاثر کیا ہے اور یہ سعودی عرب کے ساتھ اس کے پہلے سے کشیدہ تعلقات پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔

سعودی تیل کی کہانی، یہ دولت کب آئی اور کب تک رہے گی؟’کیا ٹرمپ ذہنی طور پر کمانڈر اِن چیف ہونے کے لیے موزوں ہیں؟‘: ایران جنگ پر چھ گھنٹے طویل سماعت میں سخت جملوں کا تبادلہمتحدہ عرب امارات: بن سلطان خاندان نے ریگستان میں قائم سلطنت کو عالمی طاقت کیسے بنایا؟پاکستان، انڈیا جنگ سے ایران، امریکہ مذاکرات تک: فیلڈ مارشل عاصم منیر عالمی سیاست کا اہم کردار کیسے بنے؟

جہاں تک اوپیک کا تعلق ہے، یہ ایسے وقت میں ایک بڑا دھچکا ہے جب اس کی طویل مدتی ہم آہنگی کے بارے میں اہم سوالات اٹھ رہے ہیں۔

بات صرف یہ نہیں کہ یو اے ای، جب اپنے تیل کو سمندر یا پائپ لائن کے ذریعے مکمل طور پر دوبارہ مارکیٹ میں لا سکے گا، تو غالباً 50 لاکھ بیرل یومیہ پیداوار کا ہدف رکھے گا یا اس سے زیادہ کا۔ سعودی عرب ممکن ہے تیل کی قیمتوں کی جنگ کے ذریعے ردِ عمل دے گا، جس کا سامنا یو اے ای کی زیادہ متنوع معیشت کر سکتی ہے لیکن اوپیک کے دوسرے غریب رکن ممالک شاید ایسا نہ کر سکیں۔

سو اس وقت بہت کچھ سعودی ردِعمل پر منحصر ہے۔

Getty Images

اماراتی حکام ابوظہبی کے تیل کے کنوؤں سے نئی پائپ لائنوں کو نکالنے کی بات کرتے ہیں، جو آبنائے ہرمز کو بائی پاس کرتے ہوئے کم استعمال ہونے والی فجیرہ بندرگاہ کی طرف جائیں گی۔

فی الوقت بھی یو اے ای میں ایک ایسی پائپ لائن استعمال میں ہے، لیکن بڑھتی ہوئی پیداوار اور خلیج میں ٹینکر ٹریفک کی روانی اور لاگت میں مستقل تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مزید صلاحیت درکار ہو گی۔

فی الحال، یقیناً، آبنائے ہرمز میں سمندری ٹریفک کی دوہری ناکہ بندی کے دوران، یہ تیل کی منڈیوں کا وہ مرکزی واقعہ نہیں ہے جو تیل، گیس، پٹرول، پلاسٹک اور خوراک کی قیمتوں کو متاثر کر رہا ہے۔

اگرچہ دنیا قابلِ فہم طور پر تیل کی فی بیرل 110 ڈالر قیمت پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، تاہم یہ بات اس امکان کو نظرانداز نہ کرنے کی وجہ ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کا معاملہ طے پا جائے تو اگلے سال کسی وقت، خاص طور پر اس سال کے اواخر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے تناظر میں قیمت 50 ڈالر کے قریب بھی ہو سکتی ہے۔

اوپیک آج عالمی تیل کی منڈیوں کے لیے اتنا اہم نہیں جتنا 1970 کی دہائی میں تھا، جب اس کے پاس بین الاقوامی سطح پر تجارت ہونے والے تیل کا 85 فیصد حصہ تھا جو اب تقریباً 50 فیصد رہ گیا ہے۔

تیل بھی عالمی معیشت کے لیے اتنا فیصلہ کن نہیں جتنا اس وقت تھا۔ اوپیک کے پاس اب بھی اثرورسوخ ہے، مگر اجارہ داری نہیں۔ یہ دنیا کو یرغمال نہیں بنا سکتی، جیسا کہ پہلے ممکن تھا۔

مجھے اوپیک کے نمائندے اور سابق سعودی وزیرِ تیل شیخ یمانی کی بات یاد ہے ’پتھر کا زمانہ اس لیے ختم نہیں ہوا کہ دنیا میں پتھر ختم ہو گئے تھے۔ تیل کا زمانہ اس لیے ختم نہیں ہو گا کہ دنیا میں تیل ختم ہو جائے گا۔‘

یہ اس دنیا کے بارے میں پیش گوئی ہے جہاں ہائیڈروکاربنز کی جگہ توانائی کے دوسرے ذرائع لے رہے ہیں۔

یو اے ای کے اقدام کو سمجھنے کا ایک طریقہ تیل پر کم انحصارِ کرنے والی دنیا کی علامت کے طور پر دیکھنا ہے، اور موجودہ بھنور میں کچھ اور اشارے بھی ہیں۔ الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں چین کی سرمایہ کاری نے تیل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں سے معاشی چوٹ کا اثر کم کرنے میں مدد دی ہے۔

بعض اندازوں کے مطابق، چین میں کاروں، ٹرکوں اور ٹرینوں کو بجلی پر منتقل کرنے کے عمل نے دنیا کی دوسری بڑی معیشت میں تیل کی طلب کو روزانہ 10 لاکھ بیرل کم کر دیا ہے اور جیسے جیسے یہ رجحان دنیا بھر میں تیز ہوگا، عالمی تیل کی طلب ٹھہر سکتی ہے۔

اس نقطۂ نظر میں، یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ طلب کے اچانک گرنے سے پہلے تیل کے ذخائر سے جلد از جلد زیادہ سے زیادہ رقم حاصل کی جائے۔ یو اے ای کے پاس مالی قوت اور جزوی طور پر متنوع معیشت ہے، جس میں مالیاتی خدمات اور سیاحت کے شعبے شامل ہیں۔

تاہم بہت کچھ اس بات پر منحصر ہو گا کہ خلیج میں دشمنی کے خاتمے کے بعد نیا معمول کیا بنتا ہے اور کب بنتا ہے۔

اوپیک سے یو اے ای کا اخراج تنظیم سے مزید ممالک کے نکلنے کا سبب بھی بن سکتا ہے اور اب سعودی عرب پر خاصا دباؤ ہو گا۔

جب ٹینکر دوبارہ آبنائے ہرمز سے گزریں گے یا اگر یو اے ای نئی پائپ لائنیں بنانے کی اپنی کوششیں دوگنی کرتا ہے، تو اوپیک کی پابندیوں سے آزاد اماراتی تیل پہلے سے کہیں زیادہ بہے گا۔

اس کا موجودہ ناکہ بندیوں پر بہت کم اثر ہو گا لیکن ان کے بعد یہ سب کچھ بدل سکتا ہے۔

متحدہ عرب امارات: بن سلطان خاندان نے ریگستان میں قائم سلطنت کو عالمی طاقت کیسے بنایا؟متحدہ عرب امارات نے اوپیک چھوڑنے کا اعلان کیوں کیا اور یہ تیل کی منڈیوں کو کیسے متاثر کرے گا؟’کیا ٹرمپ ذہنی طور پر کمانڈر اِن چیف ہونے کے لیے موزوں ہیں؟‘: ایران جنگ پر چھ گھنٹے طویل سماعت میں سخت جملوں کا تبادلہسعودی تیل کی کہانی، یہ دولت کب آئی اور کب تک رہے گی؟خام تیل کی بڑھتی قیمت اور پاکستانی سٹاک مارکیٹ میں بے چینی: ’سرمایہ کار نہ مارکیٹ سے نکل سکتا ہے اور نہ مزید سرمایہ لگا سکتا ہے‘عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمت، پاکستان حکومت کی مشکل اور اربوں کی سبسڈی: کیا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں مزید اضافہ ناگزیر ہے؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More