اگرچہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور سے متعلق ابھی تک کسی واضح تاریخ یا مقام کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم پاکستانی رہنماؤں کی سفارتی کوششوں اور صدر ٹرمپ کی جانب سے معاہدہ ہونے کی صورت میں اسلام آباد کا دورہ کرنے کے عندیے کے بیچ، پاکستان کے وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ناکے لگائے جا رہے ہیں جن پر پولیس اور فوجی اہلکار تعینات ہوں گے۔ اسی طرح پنجاب سے بُلائی گئی پولیس کی اضافی نفری بھی اسلام آباد میں فرائض سرانجام دے گی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
اب سے کچھ دیر قبل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وضاحت کی ہے کہ شہر کے تمام بس اڈے، بشمول فیض آباد، معمول کے مطابق کھلے ہیں اور ٹرانسپورٹ کی آمدورفت جاری ہے جبکہ قبل ازیں اڈوں کی بندش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
ڈی سی راولپنڈی نے بھی اعلان کیا کہ ضلع راولپنڈی میں تمام نجی، سرکاری اور مال بردار ٹرانسپورٹ مکمل طور پر فعال ہے جبکہ کسی بھی نئی صورتحال کی صورت میں ضلعی انتظامیہ فوری آگاہ کرے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد شہریوں کی انتہائی ضروری آمدورفت اور سفر کے علاوہ اسلام آباد میں نقل وحرکت کو محدود کرنا ہے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ کہہ چکے ہیں کہ اسلام آباد میں معاہدہ ہونے کی صورت میں وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔
مختلف علاقوں میں گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری
تفصیلات کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے، جن کے تحت تھانہ کرپا، تھانہ سمبل، تھانہ سیکریٹریٹ، تھانہ کھنہ، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ بنی گالہ اور تھانہ ترنول کے علاقوں میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
آپریشنز کے دوران 712 افراد اور 1108 گھروں کی چیکنگ کی گئی جبکہ 182 دکانوں اور 32 ہوٹلوں کی بھی تلاشی لی گئی۔ مزید برآں 381 موٹر سائیکلوں اور 141 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
کارروائی کے دوران 20 افغان باشندوں، 56 مشکوک افراد، 2 گاڑیوں اور 47 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کے لیے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے مختلف بور کے چار پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کیے گئے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کے لیے خصوصی چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینیئر افسران بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
جڑواں شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کے بعد دوبارہ کھلنے کی اطلاعات
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر میں ٹرانسپورٹ اڈے بند ہونے کی خبروں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں تمام بس اڈے معمول کے مطابق کھلے ہیں، فیض آباد سمیت تمام بس اڈوں پر تمام قسم کی ٹرانسپورٹ کی آمدورفت روٹین کے مطابق جاری ہیں۔
اس سے قبل جڑواں شہروں، اسلام آباد اور راولپنڈی، کی انتظامیہ نے دونوں شہر کے اندر موجود پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈوں کو بند کروا دیا تھا اور ضلعی انتظامیہ کے ایک اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ اڈے 26 اپریل تک بند رہنے کا امکان ہے۔
بابر اورنگزیب نامی صارف نے ڈی سی کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے بند اڈے کی ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا کہ ڈی سی صاحب صبح خود گیا، فیض آباد بند تھا۔
عامر حسین نامی صارف نے ایک سکرین شاٹ شئیر کیا جس میں صارف کو بتایا گیا کہ ’آپ کی بس کینسل کر دی گئی۔‘
عاصم منیر تہران اور شہباز شریف جدہ میں: ’یہ دلچسپ ہے کہ امریکہ اب پاکستان کو واحد ثالث قرار دے رہا ہے‘’ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ کی جگہ ہوتا تو اسلام آباد میں ہی رُکتا‘: جب امریکی صدر خود فون کر کے آپ کو خبر دےایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار: ایرانی عوام کی امیدیں اور خدشاتامریکہ اور ایران کے درمیان پانچ بڑے اختلافات کیا ہیں؟
انھوں نے ڈی سی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے کل ڈائیوو پر بکنگ کروائی تھی آج انھوں نے کینسل کردی کہ پنڈی اسلام آباد والے دونوں ٹرمینل فیض آباد اور 26 نمبر بند ہیں۔ یہ خبریں رات سے چل رہی تھیں اور آپ 24 گھنٹے بعد اس کی تردید کرنے آگئے۔‘
عامر نامی ایک اور صارف نے بتایا کہ ’میں کل رات کو بھی 10 بجے گیا ہوں کراچی کمپنی اڈے پر، لاہور جانا تھا مگر اڈا بالکل بند تھا۔ صبح 10 بجے گیا ہوں تو انھوں نے کہا کہ لاہور کوئی گاڑیاں نہیں جائیں گی، اڈہ بند ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اب جب میں ٹرین پر جانے کا پروگرام بنا رہا ہوں تو ابھی آپ کہہ رہے ہیں ایسا کچھ ہوا ہی نہیں۔‘
اعجاز چیمہ نامی صارف نے ایک ویڈیو ایکس پر پوسٹ کی جو ان کے مطابق آج بروز جمعہ ساڑھے بارہ بجے بنائی گئی اور اس ویڈیو میں اڈے بند نظر آ رہے ہیں۔
وہ لکھتے ہیں کہ ’رات سے لے کر اس وقت تک ٹرانسپورٹ اڈے بند تھے، اچانک پونے تین بجے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ وضاحت جاری کرتی ہے کہ تمام اڈے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔‘
پاکستان میں ٹرانسپورٹ کمپنی فیصل موورز نے گذشتہ شب ایک پوسٹ میں بتایا کہ فیصل موورز اسلام آباد کی سروسز حکومتی ہدایات کے تحت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
تاہم اب سے کچھ دیر قبل کمپنی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد سے تمام روٹس کے لیے بکنگز دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں اور جمعہ 17 اپریل کے لیے بکنگ دستیاب ہیں، مسافروں سے کہا گیا کہ فوری اپنی نشست بک کروائیں۔
شفقت چوہدری نامی صارف شکوہ کر رہے ہیں کہ دوسروں کی ثالثی خود پاکستانیوں کو مہنگی پڑ رہی ہے۔ ’ٹرانسپورٹ اڈے بند۔ کمرشل ٹرانسپورٹ بند۔ سکول کالج اور دفاتر جانے والی وین بند۔ ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بند ہے۔‘
اس حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ حکام کی جانب سے انھیں یہ ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ جمعرات کی رات گیارہ بجے وفاقی دارالحکومت میں واقع جتنے بھی پبلک ٹرانسپورٹ کے اڈے ہیں، ان کو بند کردیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس کی مدد سے تمام اڈے بند کروا دیے گئے تھے۔
پبلک ٹرانسپورٹ کے یہ اڈے فیض آباد، پیرودھائی، منڈی موڑ اور 26 نمبر چونگی پر واقع ہیں۔
اہلکار کے مطابق جس وقت اسلام آباد کی حدود میں ان اڈوں کو بند کیا جارہا تھا تو دوسری جانب راولپنڈی کی انتظامیہ بھی پولیس کی مدد سے ان کی حدود میں واقع اڈوں کو بند کروا رہی تھی۔
اگرچہ اب لاری اڈے کھل گئے ہیں مگر رش نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی طرح بھاری ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہے اور پشاور اور ٹیکسلا سے آنے والی گاڑیوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
جڑواں شہروں کی انتظامیہ کے حکام کے مطابق اکثر روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ چل رہی ہے اور تاحال اسے بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
عاصم منیر تہران اور شہباز شریف جدہ میں: ’یہ دلچسپ ہے کہ امریکہ اب پاکستان کو واحد ثالث قرار دے رہا ہے‘’ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ کی جگہ ہوتا تو اسلام آباد میں ہی رُکتا‘: جب امریکی صدر خود فون کر کے آپ کو خبر دےایران امریکہ مذاکرات میں پاکستان کا کردار: ایرانی عوام کی امیدیں اور خدشاتامریکہ اور ایران کے درمیان پانچ بڑے اختلافات کیا ہیں؟امریکی اور ایرانی وفد کی آمد سے مذاکرات ’بے نتیجہ‘ رہنے کے اعلان تک، اسلام آباد میں کیا ہوتا رہا؟