جنوبی افریقہ کو انٹرنیشنل کرکٹ میں لَوٹے ہوئے تین دہائیاں گزر چکیں مگر پرانے زخم شاید ابھی گئے نہیں کہ ہر بار پریشر کے ہنگام میں کوئی نہ کوئی ایسی بوکھلاہٹ طاری ہو جاتی ہے جو انھیں اچانک ورلڈ ٹائٹل سے پرے دھکیل چھوڑتی ہے۔ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں بھی کیویز نے ایڈن مارکرم کی ٹیم پہ کچھ ایسی بوکھلاہٹ طاری کر ڈالی کہ ورلڈ کپ کی ہاٹ فیورٹ ٹیم رستہ ہی بھول گئی۔
ورلڈ کپ میں اب تک کے سفر کو ملحوظ رکھا جائے تو نہ صرف جنوبی افریقہ نیوزی لینڈ سے بہتر ٹیم تھی بلکہ اسے کنڈیشنز کے تجربے میں بھی فوقیت حاصل تھی کہ پہلے دن سے وہ اپنے سارے میچز انڈین کنڈیشنز میں کھیل رہی تھی جبکہ حریف نیوزی لینڈ گروپ سٹیج انڈیا میں کھیلنے کے بعد اپنا سپر ایٹ مرحلہ سری لنکا میں کھیل کر یہاں واپس آ رہی تھی۔
ٹی ٹونٹی بھلے اپنی فطرت میں ٹیسٹ کرکٹ سے کوسوں دور ہو مگر ایسے کڑے مواقع پہ یہ بھی کھیل کے اصل فارمیٹ کی ہی محتاج نظر آتی ہے۔ کول مک کونکی نے اپنا سارا کرئیر انٹرنیشنل منظرنامے سے پرے فرسٹ کلاس کرکٹ میں گزارا ہے اور اگر سپر ایٹ مرحلے میں کیویز کو سری لنکن کنڈیشنز درپیش نہ ہوتیں تو شاید وہ اس ٹیم کا حصہ ہی نہ بن پاتے۔
Getty Images
سری لنکا کے خلاف جب 34 سالہ مک کونکی کو موقع دیا گیا تو وہ کیویز کے لیے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے۔ جہاں کیوی اننگز 140 کے مجموعے تک پہنچنے کو رینگ رہی تھی، وہاں مک کونکی کی تاخیری یلغار اس مجموعے کو 168 تک لے گئی۔ پھر بولنگ میں بھی انھوں نے آتے ہی سری لنکن اننگز کا ڈنک نکال دیا۔
کولکتہ میں اگرچہ نیوزی لینڈ نے جیمز نیشم کو الیون میں واپس بلایا مگر مک کونکی کو بھی ٹیم میں برقرار رکھا۔
جب خلافِ توقع دوسرے ہی اوور میں مچل سینٹنر نے پیسرز کی طرف جانے کی بجائے گیند مک کونکی کو تھمائی تو کوئنٹن ڈی کوک نے موقع غنیمت جانا اور پہلے اوور میں میٹ ہینری کی کنجوسی کا ازالہ کرنے کا سوچا۔ مک کونکی جونہی اپنی لینتھ سے بھٹکے، ڈی کوک نے بازو کھولے اور پوری قوت سے گیند کو مِڈ آن باؤنڈری کی سمت رسید کر دیا۔
مگر ڈی کوک شاید بھول بیٹھے کہ یہ بے ضرر دکھائی دینے والا آف سپنر فرسٹ کلاس کرکٹ میں پندرہ برس کا تجربہ رکھتا ہے۔ جونہی ڈی کوک کے قدم ہلے، مک کونکی نے لینتھ اتنی کھینچ لی کہ گیند کا بلے پہ ’مڈل ہونا‘ ممکن نہ رہا اور کیچ مڈ آن پہ کھڑے لوکی فرگوسن کے ہاتھوں میں محفوظ ہو گیا۔
’سٹارز کے ناتواں کندھے ورلڈ کپ کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے‘پاکستان کی پانچ رنز سے فتح مگر ورلڈ کپ سے باہر: ’سوری سری لنکا، آپ کی صلاحیتوں پر شک کیا‘بابر اعظم کی بے بسی، پالیکیلے کی اوس اور بروک کی بے خوفیعمران خان کا سورو گنگولی کو مشورہ، سلیم ملک کی دھمکی اور مشرف کی فون کال
رایان رکلٹن کی بوکھلاہٹ تو اور بھی نمایاں رہی کہ اپنی اننگز کی پہلی ہی گیند پہ کھنچی ہوئی لینتھ کو تَر نوالہ سمجھ کر ’کٹ‘ کھیلنے چل پڑے اور جنوبی افریقی اننگز میچ کے دوسرے ہی اوور میں اوپر تلے دو وکٹیں لُٹا کر بوکھلاہٹ کی ان حدود میں داخل ہو گئی جہاں سے واپسی سخت دشوار تھی۔
اس کے بعد پروٹیز بیٹنگ کی چال ماند پڑنے لگی۔ ہانپتے ہانپتے اگرچہ یہ مجموعہ مارکو یئنسن کی بدولت کسی قابلِ قدر ہندسے تک تو پہنچ ہی گیا مگر جنوبی افریقی بولنگ کا حوصلہ بندھانے سے پھر بھی قاصر رہا۔
فن ایلن اور ٹم سائفرٹ کی اوپننگ جوڑی جس روز اپنی دھن میں ہو، مخالف بولنگ اٹیک کے لیے ڈراؤنا خواب بن جایا کرتی ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 میں جب گروپ سٹیج پہ آسٹریلوی بولنگ کا اسی اوپننگ جوڑی سے پالا پڑا تھا تو اپنے ہوم گراؤنڈز پہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اٹھانے کا آسٹریلوی خواب وہیں چکنا چُور ہو گیا تھا۔
AFP via Getty Imagesفن ایلن اور ٹم سائفرٹ کی اوپننگ جوڑی جس روز اپنی دھن میں ہو، مخالف بولنگ اٹیک کے لئے ڈراؤنا خواب بن جایا کرتی ہے۔
یہاں پاور پلے میں جیسا سرپرائز مچل سینٹنر نے جنوبی افریقی بلے بازوں کو دیا تھا، ویسا کوئی سرپرائز بھی ایڈن مارکرم کے پاس نہ تھا اور پھر فِن ایلن بھی اپنی لہر میں تھے۔ جو ہدف کیویز کو عبور کرنا تھا، وہ ویسے ہی مسابقت سے خاصا کم تھا اور اس کے بچاؤ کی تدبیر صرف پاور پلے میں وکٹیں گرانا ہی تھی۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ میں جب بولر وکٹیں حاصل کرنے کو دوڑتے ہیں تو بولنگ مبادیات سے ہٹ کر بلے بازوں کو لبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ مگر بلے باز کے لالچ سے فائدہ اٹھانے کے لیے گیند میں بھی کوئی سرپرائز تو ہونا چاہئے۔ لیکن جنوبی افریقی بولنگ بھی یہاں کیوی اوپنرز سے دو قدم پیچھے ہی نظر آئی۔
’ہمارا انتخاب کون کرتا ہے، کون نہیں یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں‘: صاحبزادہ فرحان ’دی ہنڈرڈ‘ کھیلنے کے لیے پُرامیدانڈیا کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سپر 8 مرحلے میں 76 رنز سے شکست، کپتان کے فیصلوں پر سوال اور سیمی فائنل تک رسائی کی مشکل’صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کا یقین جگا دیا‘افغانستان، جنوبی افریقہ کے درمیان ڈبل سپر اوور میچ اور رحمان اللہ گرباز کی پرفارمنس: ’کیا یہ ٹی 20 آئی کی تاریخ کا بہترین مقابلہ تھا؟‘ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور غیر ملکی ٹیموں کے لیے کھیلنے والے پاکستانی نژاد کرکٹرز: ٹیلنٹ پول کی نشاندہی یا کرکٹ کے نظام میں خرابی؟بابر اور صائم ڈراپ، پاکستانی ون ڈے سکواڈ میں شامل چھ نئے کھلاڑی کون ہیں؟