عروسی لباس پر تنازع، بیوی کی مبینہ توہین اور ’ہائی جیک‘ ہونے والا شادی کا ڈانس: ڈیوڈ اور وکٹوریہ بیکہم کے بیٹے والدین سے ناراض

بی بی سی اردو  |  Jan 21, 2026

Getty Imagesبروکلن بیکہم اور اُن کی اہلیہ نکولا پیلٹز

خاندانی اختلافات، شادی کے لباس پر اعتراض اور بیوی کی مبینہ توہین پر والدین سے ناراضی۔۔۔

یہ کسی پاکستانی یا انڈین ڈرامے کی کہانی نہیں بلکہ فٹبال کے مشہور کھلاڑی اور انگلینڈ کے سابق کپتان سر ڈیوڈ بیکہم اور وکٹوریہ بیکہم کے بیٹے بروکلن کے الزامات ہیں، جو انھوں نے اپنے والدین پر عائد کیے ہیں۔

پیر کی رات بروکلن بیکہم نے انسٹاگرام پر چھ صفحات پر مشتمل ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انھوں نے اپنے والدین، سر ڈیوڈ بیکہم اور لیڈی وکٹوریہ بیکہم کے خلاف اپنے دل کی بھڑاس نکالی اور تفصیل سے اپنی شکایات بیان کیں۔

اور یہ وہ لمحہ تھا جب بیکہم خاندان کے اندرونی اختلافات آخرکار سب کے سامنے آ گئے۔

اس پوسٹ میں کئی الزامات لگائے گئے، جن میں زیادہ تر کا تعلق بروکلن کی نکولا پیلٹز سے شادی سے ہے۔۔۔ کہیں شادی کے لباس کا تنازع، تو کہیں یہ دعویٰ کہ وکٹوریہ بیکہم نے ان کی بیوی کو شادی کے بعد پہلا ڈانس نہیں کرنے دیا اور ساری توجہ اپنی جانب مرکوز کروا لی۔

ظاہر ہے کہ یہ کہانی کا صرف ایک رُخ ہے۔

بیکہم خاندان کی جانب سے اب تک کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا اور ایسے معاملات میں ہمیشہ کی طرح یادداشتیں اور بیانیے مختلف ہو سکتے ہیں۔

لیکن اس کے باوجود انٹرنیٹ پر ہلچل مچ گئی ہے۔ مداح ہر دعوے کو باریکی سے کھنگال رہے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سچ کیا ہے اور مبالغہ کہاں ہے۔

ہم نے اس پوسٹ میں لگائے گئے اہم الزامات کو الگ الگ کر کے دیکھا ہے، اب تک سامنے آنے والی معلومات کا جائزہ لیا ہے اور یہ بھی کہ آگے مزید کیا سامنے آ سکتا ہے۔

1. وکٹوریہ کی جانب سے پہلے ڈانس کے لمحے میں مداخلت کا الزامGetty Imagesسر ڈیوڈ بیکہم اپنی اہلیہ لیڈی وکٹویہ بیکہم، بیٹے بروکلن بیکہم اور بہو نکولا پیلٹز کے ساتھ

بروکلن بیکہم کی جانب سے لگائے گئے سب سے زیادہ چونکا دینے والے الزامات میں سے ایک یہ ہے کہ ان کی شادی کے موقع پر وکٹوریہ بیکہم نے پہلے ڈانس کے لمحے میں مداخلت کی۔

بروکلن کے مطابق یہ ڈانس کئی ہفتے پہلے سے طے شدہ تھا اور ایک رومانوی گانے پر ہونا تھا۔

وہ لکھتے ہیں: ’ہماری شادی میں موجود 500 مہمانوں کے سامنے مارک انتھونی نے مجھے سٹیج پر بلایا۔ شیڈول کے مطابق اس وقت میں نے اپنی بیوی کے ساتھ رومانوی ڈانس کرنا تھا، لیکن وہاں میری والدہ میرے ساتھ ڈانس کے لیے موجود تھیں۔‘

’انھوں نے سب کے سامنے میرے ساتھ نامناسب انداز میں ڈانس کیا۔ میں نے اپنی پوری زندگی میں کبھی خود کو اتنا غیر آرام دہ اور ذلیل محسوس نہیں کیا۔‘

پیر کی رات اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر وکٹوریہ بیکہم کے مبینہ شادی والے ڈانس کے حوالے سے میمز اور فرضی تصاویر کی بھرمار ہو گئی ہے۔

یہ سب ظاہر ہے کہ من گھڑت ہیں لیکن سوشل میڈیا صارفین اُن لوگوں سے مطالبہ کر رہے ہیں جو شادی میں موجود تھے کہ وہ ’ویڈیوز سامنے لائیں‘۔

اگر یہ فرض کر لیا جائے کہ شادی میں موبائل فون پر پابندی نہیں تھی تو وہاں موجود 500 افراد میں سے کوئی نہ کوئی بروکلن کے دعوے کی تصدیق یا تردید کر سکتا ہے۔

البتہ ہمارے پاس برطانوی میگزین ووگ کی ایک رپورٹ موجود ہے، جن کی ٹیم بھی اس شادی میں شریک تھی۔

ان کے مطابق: ’رات 11 بجے گول سٹیج 180 ڈگری گھوما اور مارک انتھونی ایک لائیو پرفارمنس کے لیے سامنے آئے، جس کا آغاز گانے ’آئی نیڈ ٹو نو‘ سے ہوا۔‘

’بروکلن نے اپنی والدہ کو سٹیج پر ڈانس کے لیے بلایا، جس کے بعد ڈیوڈ بیکہم اور ان کی 10 سالہ بیٹی ہارپر بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے۔‘

بی بی سی نیوز نے اس معاملے پر مارک انتھونی سے بھی مؤقف لینے کے لیے رابطہ کیا ہے، جو گلوکار ہونے کے ساتھ بیکہم خاندان کے قریبی دوست بھی ہیں۔

سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے اس بات پر بھی حیرت کا اظہار کیا ہے کہ وکٹوریہ کے بروکلن کے ساتھ ’نامناسب انداز‘ میں ڈانس کرنے کا دعویٰ آخر کیا معنی رکھتا ہے۔

البتہ جو بات واضح ہے وہ یہ کہ بروکلن کے مطابق یہ واقعہ ان کے لیے اتنا تکلیف دہ اور صدمہ خیز تھا کہ جوڑے نے سب کچھ نئے سرے سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔

وہ کہتے ہیں: ’ہم نے اپنے شادی کے وعدے دوبارہ اس لیے دہرائے تاکہ ہم اپنی شادی کے دن کی ایسی نئی یادیں بنا سکیں جو خوشی اور مسرت سے جڑی ہوں، نہ کہ بے چینی اور شرمندگی سے۔‘

2. شادی کے لباس پر تنازعNetflixلیڈی وکٹوریہ نیٹ فلکس ڈاکیومنٹری میں اپنی فیشن لائن پر کام کرتے ہوئے نظر آئیں

پوسٹ کے ایک اور حصے میں بروکلن نے اپنے والدین پر الزام لگایا کہ وہ ان کی شادی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی فیشن ڈیزائنر والدہ نے ’عین وقت پر نکولا کے لیے لباس تیار کرنے کا منصوبہ منسوخ کر دیا‘ حالانکہ نکولا اس ڈیزائن کو پہننے کے لیے بے حد پُرجوش تھیں۔ بروکلن کے مطابق اس فیصلے کی وجہ سے نکولا کو ہنگامی طور پر ایک نیا شادی کا لباس تلاش کرنا پڑا۔

تاہم اُس وقت سامنے آنے والی رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ 31 سالہ نکولا نے لیڈی بیکہم کے کسی ڈیزائن کو پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں نکولا نے ٹائمز کو بتایا کہ لباس کے حوالے سے چند پیغامات کے تبادلے کے بعد ان کی ہونے والی ساس نے خود یہ محسوس کیا کہ ان کا ایٹیلیئر (فیشن ڈیزائنر کی ورکشاپ) مقررہ وقت تک لباس مکمل نہیں کر پائے گا۔ اس موقع پر نکولا نے سختی سے ان خبروں کی تردید بھی کی تھی کہ خاندان کے درمیان کسی قسم کا جھگڑا یا کشیدگی ہے۔

بالآخر نکولا نے بروکلن سے شادی کے لیے ویلنٹینو کاؤچر کا لباس پہنا۔

یہاں بھی برطانوی میگزین ووگ کی ایک رپورٹ کچھ اضافی وضاحت فراہم کرتی ہے کہ یہ لباس کیسے منتخب ہوا۔

مئی 2022 میں شائع ہونے والا ووگ کا ایک الگ مضمون اس لباس پر تفصیل سے روشنی ڈالتا ہے اور بتاتا ہے کہ اس پر کئی مہینوں سے کام ہو رہا تھا۔

’شہزادہ ولیم نے مجھے گریبان سے پکڑا۔۔۔‘ شہزادہ ہیری کا اپنی کتاب میں الزام: رپورٹدنیا کے 10 ’امیر ترین خاندان‘ لیکن ان کے پاس اتنا پیسہ آیا کہاں سے؟’زندگی کو خطرہ‘، دبئی کے حکمران کی اہلیہ لندن میںشہزادہ ہیری کی کتاب میں برطانوی شاہی خاندان کے اہم اراکین کے بارے میں کیا لکھا گیا؟

مضمون کے مطابق نکولا اور ان کی والدہ نے ’تقریباً ایک سال پر محیط ڈیزائن کے عمل‘ کے دوران فٹنگز کے لیے روم میں ویلنٹینو کے ایٹیلیئر کے کئی دورے کیے۔ اس میں نکولا کا حوالہ بھی شامل ہے کہ ویلنٹینو کا انتخاب صرف ایک لباس نہیں تھا۔ ان کے الفاظ میں، ’یہ اپنے آپ میں ایک کہانی تھی۔‘

انٹرٹینمنٹ رپورٹر جوڈی میکالم کا کہنا ہے کہ لباس کا معاملہ ہی وہ ’مرکزی نکتہ‘ ہے جس نے مبینہ طور پر اس خاندانی اختلاف کو جنم دیا۔

وہ کہتی ہیں: ’کیا نکولا نے وکٹوریہ کا لباس پہننے سے انکار کیا؟ یا پھر جیسا کہ بروکلن دعویٰ کرتے ہیں، کیا ان کی والدہ نے عین آخری لمحے میں لباس تیار کرنے سے انکار کر دیا، جس کے باعث نکولا کو جلدی میں دوسرے لباس کا بندوبست کرنا پڑا؟‘

’یہ دعوؤں اور جوابی دعوؤں کا معاملہ ہے۔۔۔ اور یہ جاننا بہت مشکل ہے کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔‘

سیلیبریٹی بحران سے نمٹنے کی ماہر پی آر کنسلٹنٹ لارن بیچنگ کا کہنا ہے کہ اپنے بیان میں، خاص طور پر شادی کے لباس سے متعلق، انتہائی تفصیل میں جانے سے بروکلن نے خود کو ’فیکٹ چیکنگ کے لیے پیش کر دیا ہے‘۔

ان کے مطابق: ’دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تضاد کو دو بالکل مختلف طریقوں سے دیکھا جا سکتا ہے۔‘

’اگر آپ بروکلن کے مؤقف کے حامی ہیں تو ووگ کا انٹرویو اس بات کی علامت لگتا ہے کہ وہ اور نکولا اُس وقت خاندان کو بچانے اور معاملات کو عوامی سطح پر پرسکون رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘

’لیکن اگر آپ ان پر شک کرتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اب واقعات کو نئے سرے سے بیان کر رہے ہیں۔‘

3. بیکہم نام کے حقوق ’خریدنا‘Getty Imagesبائیں سے دائیں: کروز، ہارپر، ڈیوڈ، وکٹوریہ، رومیو، بروکلن اور نکولا پیلٹز بیکہم، 2022 میں لی گئی تصویر

بروکلن نے یہ بھی الزام لگایا کہ شادی سے چند ہفتے قبل ان کے والدین نے ان پر بار بار دباؤ ڈالا اور رشوت دینے کی کوشش کی تاکہ وہ اپنے نام کے حقوق سے دستبردار ہو جائیں۔

یہ واضح نہیں کہ وہ کس قسم کے حقوق کا حوالہ دے رہے ہیں۔

بروکلن کے مطابق، انھوں نے ایسا کرنے سے گریز کیا، جس کا اثر انھیں ملنے والے پیسوں پر پڑا اور اس کے بعد والدین کا رویہ ان کے ساتھ تبدیل ہو گیا۔

انٹرٹینمنٹ رپورٹر جوڈی میکالم کہتی ہیں: ’یہ واقعی حیران کن بات ہے۔‘

’جب والدین اس کا جواب دیں گے، جو شاید محتاط طریقے سے دیں۔۔۔ تب بھی کیا یہ قانونی مسئلہ نہیں بن جاتا؟‘

کیونکہ ان پر الزام ہے کہ انھوں نے رشوت دینے کی کوشش کی اور یہ بالکل غیر معمولی بات ہے۔‘

4. 50ویں سالگرہ کی پارٹی کا تنازع

بروکلن نے ایک اور واقعے کا ذکر بھی کیا جو خاندانی اختلافات کو بڑھا چکا تھا: ’گذشتہ مئی میں لندن میں سر ڈیوڈ کی 50ویں سالگرہ کی تقریب میں وہ اور ان کی بیوی شرکت نہ کر سکے۔‘

اپنی پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ وہ اور نکولا برطانیہ میں سر ڈیوڈ کی سالگرہ کے لیے آئے تھے لیکن ’ہوٹل کے کمرے میں ایک ہفتے تک انتظار کرنے کے باوجود انھیں ملاقات کا موقع نہیں دیا گیا جبکہ وہ والد کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘

بروکلن کے مطابق ’انھوں نے ہماری تمام کوششیں مسترد کر دی تھیں، سوائے اس کے کہ یہ ملاقات سالگرہ کی بڑی سی پارٹی میں ہو جس میں سو مہمان اور ہر کونے میں کیمرے ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ان کے والد نے آخرکار ملاقات کی اجازت دی لیکن شرط یہ رکھی کہ نکولا موجود نہ ہوں، جسے بروکلن نے ’تھپڑ مارنے کے مترادف‘ قرار دیا۔ اس کے بعد خاندان نے بعد میں ’لاس اینجلس کے دورے میں بھی ملاقات سے انکار کر دیا۔‘

اب تک بیکہم خاندان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

تاہم اس وقت بی بی سی کے ایک ذرائع کے مطابق، 26 سالہ بروکلن نے پارٹی میں نہ جانے کا انتخاب کیا کیونکہ ان کے چھوٹے بھائی رومیو وہاں ایک ایسی خاتون کے ساتھ شرکت کر رہے تھے جس کے ساتھ بروکلن کا پہلے تعلق رہا تھا۔

بروکلن نے پوسٹ میں یہ بھی الزام لگایا کہ ان کی والدہ نے ’ان کے ماضی کی خواتین کو ہمارے زندگی میں بار بار مدعو کیا۔۔۔ اور انھوں نے ایسا واضح طور پر ہمیں غیر آرام دہ محسوس کروانے کے لیے کیا۔‘

ان کے اور نکولا کے والدین کے ساتھ اختلافات کی ایک اور مثال بھی پوسٹ میں دی گئی ہے، جب وکٹوریہ نے مبینہ طور پر ’لاس اینجلس کی آگ میں بے گھر کتوں کے لیے خیراتی کام میں مدد کرنے سے انکار کیا۔‘

بروکلن نے لکھا: ’ہم سالوں سے ہر فیشن شو، ہر پارٹی اور ہر پریس ایونٹ میں خود کو پیش کرتے رہے تاکہ ’ہماری بہترین فیملی‘ نظر آئے۔‘

’لیکن جب میری بیوی نے میری والدہ سے مدد مانگی تاکہ لاس اینجلس کی آگ میں بے گھر ہونے والے کتوں کی مدد کی جا سکے، تو میری والدہ نے انکار کر دیا۔‘

نکولا طویل عرصے سے کتوں کے بچاؤ کی سرگرمیوں کی حمایتی رہی ہیں اور جنوری 2025 میں انھوں نے لاس اینجلس کی جنگلاتی آگ میں بے گھر ہونے والے کتوں کی مدد کی۔ اس آگ میں 440 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے اور ہزاروں مکانات شدید نقصان کا شکار ہوئے۔

نکولا پہلے بھی اپنے فالوورز کو جانور اپنانے یا وقتی طور پر پالنے کی ترغیب دیتی رہی ہیں، اور انھیں 2022 میں جانوروں کے حقوق کے لیے ’پیٹا ایوارڈ‘ بھی ملا تھا۔ نکولا اور بروکلن کے اپنے کتے ’نالہ‘ کی وفات جولائی 2024 میں ہوئی تھی۔

5. ’بیکہم برانڈ سب سے پہلے آتا ہے‘Getty Imagesسر ڈیوڈ اور لیڈی وکٹوریہ بیکہم، کروز اور رومیو کے ساتھ فلوریڈا کے چیس سٹیڈیم میں

بیکہم کے سب سے بڑے بیٹے کی جانب سے لگائے گئے سب سے شدید الزامات میں سے ایک یہ ہے کہ بیکہم خاندان کی خوبصورت اور محتاط طور پر تیار کی گئی تصویر کے پیچھے غیر حقیقی تعلقات چھپے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ ان کا خاندان ’سب سے زیادہ عوامی تشہیر اور اشتہارات کو اہمیت دیتا ہے۔‘

انھوں نے لکھا ’بیکہم برانڈ سب سے پہلے آتا ہے‘ اور مزید کہا کہ ’خاندانی ’محبت‘ اس بات سے طے ہوتی ہے کہ آپ سوشل میڈیا پر کتنا پوسٹ کرتے ہیں۔‘

بروکلن نے بتایا: ’میری زیادہ تر زندگی میں میرے والدین نے مجھے کنٹرول کیا۔ میں بے چینی کے احساس کے ساتھ بڑا ہوا۔ زندگی میں پہلی بار، جب میں اپنے خاندان سے الگ ہوا تو یہ بے چینی ختم ہو گئی۔‘

رپورٹر جوڈی میکالم کے مطابق، یہ سوال اٹھتا ہے کہ بروکلن اور باقی بیکہم بچوں کی زندگی کیسی رہی ہو گی۔

’یہ پہلا موقع ہے کہ ہم اصل تصویر کے پیچھے جھانک رہے ہیں۔ یہ کوئی خوبصورت میڈیا کیمپین کے ذریعے دیا گیا بیان نہیں ہے۔‘

یہ حقیقت میں بروکلن کی اپنی انسٹاگرام سٹوری ہے اور شاید اسی لیے یہ اتنا بڑا معاملہ بن گیا کیونکہ یہ وہ اپنی زبان میں اپنے سوشل میڈیا پر کہہ رہے ہیں۔ وہ اپنی کہانی خود کنٹرول کر رہے ہیں اور اپنے والدین پر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ بہت محتاط انداز میں تیار کیے گئے پوسٹس کے ذریعے اپنا بیانیہ کنٹرول کرتے رہے ہیں۔‘

Getty Imagesبروکلن بیکہم، رومیو بیکہم اور کروز بیکہم

جب برطانیہ میں شہرت اور عوامی پروفائل کی بات آتی ہے تو بیکہم خاندان شاید ’شاہی خاندان‘ کے بعد سب سے زیادہ مشہور ہے۔

بروکلن نے حالیہ برسوں میں خود کی پہچان بنانے کی کوشش کی، فوٹوگرافی اور کھانا پکانے میں ہاتھ آزمایا۔۔۔ ان کے خاندانی اختلافات کے حوالے سے کئی کہانیاں اور افواہیں گردش کرتی رہیں۔ مگر اب یہ سب عوام کے سامنے آ گئی ہیں۔

اور واضح ہے کہ یہ معاملہ بس وضاحت کرنے یا تعلقات درست کرنے کی کوشش نہیں بلکہ ایک گہری خاندانی کشیدگی کی نشاندہی ہے۔

رپورٹر جوڈی میکالم کے مطابق، شہرت کے پیچھے حقیقی زندگی کیسی ہوتی ہے، یہ اس کے بارے میں اندورنی معلومات ہیں جس کی وجہ سے لوگ اس جھگڑے میں اتنے دلچسپی لے رہے ہیں۔

’کسی بھی قسم کا موازنہ خوشیوں کا قاتل ہے۔ ہم خود کا ان سلطنت نما خاندانوں اور انتہائی مشہور شخصیات سے موازنہ کرتے ہیں۔۔۔ جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ بند دروازوں کے پیچھے کیا ہو رہا ہے۔‘

’مجھے لگتا ہے یہ اسی لیے اتنا دھماکہ خیز ہے کیونکہ پہلی بار بروکلن نے خود حقیقت سامنے رکھی اور کہا، ’جو آپ سوچ رہے ہیں ویسا کچھ نہیں ہے۔‘‘

’یہ خوبصورت اور مکمل خاندان صرف دکھاوا ہے، ہم اصل میں ویسے نہیں ہیں جو آپ سمجھتے ہیں۔‘

’اسی وجہ سے یہ لوگوں پر اثر کرے گا، کیونکہ ان کے صرف مشہور ہونے کی بنا پر آپ کبھی نہیں جان سکتے کہ دراصل بند دروازوں کے پیچھے کیا ہو رہا ہے۔‘

’زندگی کو خطرہ‘، دبئی کے حکمران کی اہلیہ لندن میں’شہزادہ ولیم نے مجھے گریبان سے پکڑا۔۔۔‘ شہزادہ ہیری کا اپنی کتاب میں الزام: رپورٹ’لوگ میرے لباس پر تنقید کرتے اور کہتے کہ تم اچھی مسلمان نہیں ہو‘شہزادہ ہیری نے ذہنی صحت کے امریکی ادارے میں نوکری کر لیسعودی عرب کے شاہی خاندان کی دولت میں ایک سال میں 73 ارب ڈالر کا اضافہ: 2025 میں دنیا کے 10 ’امیر ترین خاندان‘ کون ہیں؟شہزادہ ہیری کی کتاب میں برطانوی شاہی خاندان کے اہم اراکین کے بارے میں کیا لکھا گیا؟
مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More