بی بی سی نیوز اردو کا ’جہاں نما‘ آج نیوز ٹی وی پر

بی بی سی اردو  |  Dec 08, 2025

بی بی سی نیوز اردو نے پاکستان کے ٹی وی چینل آج نیوز پر ’جہاں نما‘ کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔

یہ پروگرام آج نیوز پر پیر سے جمعہ تک مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے (14:30 GMT نشر ہو گا۔ یہ پروگرام بی بی سی نیوز اردو کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے (15:00 GMT) سے دستیاب ہوگا۔

لندن سے تیار ہونے والے اس پروگرام کے مرکزی میزبان بی بی سی کے خالد کرامت اور ثمرہ فاطمہ ہیں، جسے بی بی سی نیوز اردو کے رپورٹرز کے وسیع نیٹ ورک کی مدد سے بنایا گیا ہے۔

18 منٹ کے اس پروگرام میں عالمی اور علاقائی خبریں پیش کی جائیں گی جو حالاتِ حاضرہ سمیت موسم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت جیسے موضوعات بھی ناظرین تک پہنچائے گا۔ اس پروگرام میں پیش کی جانے والی کہانیوں میں تصدیق شدہ اعداد و شمار اور تجزیہمصدقہ ڈیٹا اور تجزیہ شامل ہو گا۔

بی بی سی نیوز اردو کے ایڈیٹر آصف فاروقی کہتے ہیں: ’ہم غیر جانب دارانہ، درست اور نتیجہ خیز صحافت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی لیے جہاں نما بی بی سی کا قابل بھروسہ معیار لے کر آ رہا ہے جو کہانی سنانے کے جدید انداز اور ہماری رپورٹنگ کا امتزاج پیش کرے گا۔

’تیزی سے بدلتی ہوئی میڈیا کی دنیا میں ہماری کوشش ہے کہ اپنے ناظرین کو سب سے اہم خبریں جاننے اور سمجھنے میں مدد فراہم کریں۔‘

آج نیوز کے چیف آپریٹنگ آفیسر، شہاب زبیری کہتے ہیں کہ ’ہماری سٹریٹجک سمت اپنے ناظرین کو مسلسل بہتر خدمات فراہم کرنے پر مبنی ہے۔ بی بی سی نیوز اردو کے ساتھ شراکت داری کی وجہ سے ہم عالمی سطح پر معزز اور قابل اعتماد برانڈ کا سب سے اعلی مواد ناظرین تک پہنچائیں گے۔

’ہمارا اس شراکت داری کا حصہ بننے کا فیصلہ اس بات کی عکاسی ہے کہ ہم اپنے ناظرین کے لیے واضح اور بامقصد مواد فراہم کریں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غلط معلومات میڈیا انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ہم بی بی سی کے ساتھ ایک طویل اور دیرپا تعلق چاہتے ہیں۔‘

جہاں نما بی بی سی نیوز اردو ویب سائٹ جو دنیا میں اردو زبان کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے bbc.com/urdu – کے علاوہ فیس بک اور یوٹیوب پر بی بی سی نیوز اردو کے چینلز پر بھی دستیاب ہے۔

بی بی سی نیوز اردو اپنے ناظرین سے ٹک ٹاک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ایکس پر بھی @bbcurdu چینل کے ذریعے جڑتا ہے۔

بی بی سی نیوز اردو بی بی سی ورلڈ سروس کا حصہ ہے۔

بی بی سی ورلڈ سروس

بی بی سی ورلڈ سروس ویڈیو، آڈیو اور آن لائن مواد کے امتزاج کے ساتھ دنیا بھر میں 43 زبانوں میں خبریں اور حالات حاضرہ کی معلومات فراہم کرتی ہے، جن میں انگریزی بھی شامل ہے۔

بی بی سی، اپنی ورلڈ سروس کے ذریعے، ہفتہ وار 450 ملین سامعین/ناظرین تک پہنچتا ہے اور دنیا بھر میں خبروں کی فراہمی کا سب سے قابل اعتماد ذریعہ ہے۔

بی بی سی ورلڈ سروس کو عالمی ناظرین نے بین الاقوامی خبریں فراہم کرنے والے اداروں میں قابل اعتماد ہونے اور غیرجانبداری کے لحاظ سے بھی پہلے درجے پر رکھا ہے۔

جہاں نما: برطانیہ میں نسل پرستی سے جڑے جرائم میں اضافہ
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More