Getty Images
سابق انڈین کپتان روہت شرما نے ون ڈے کرکٹ میں شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
تاہم سرحد کے دونوں اطراف دونوں جارح مزاج بلے بازوں کے اس ریکارڈ کو لے کر یہ بحث جاری ہے کہ کس کے چھکوں نے ٹیم کو زیادہ فائدہ پہنچایا اور یہ کتنی اننگز اور گیندوں میں لگائے گئے۔
روہت شرما نے یہ ریکارڈ اتوار کو رانچی میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بنایا جس میں انڈیا نے پروٹیز کو 17 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز میں ایک-صفر سے برتری حاصل کر لی ہے۔
’ہٹ مین‘ کے لقب سے شہرت پانے والے روہت شرما نے اس میچ میں وراٹ کوہلی کے ساتھ 136 رنز کی شراکت داری قائم کرتے ہوئے تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔
روہت شرما، 277 میچز کی 269 اننگز میں 352 چھکے لگا کر اب ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں۔ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی نے 398 میچز میں 369 اننگز کھیل کر 351 چھکے لگائے تھے۔
Getty Imagesشاہد آفریدی نے 398 میچز میں 369 اننگز کھیل کر 351 چھکے لگائے تھے
شاہد آفریدی کے پاس یہ ریکارڈ 15 برس تک رہا تھا۔
پاکستان اور انڈیا میں سوشل میڈیا صارفین اب اس معاملے پر آمنے سامنے ہیں کہ دونوں بلے بازوں میں سے کس کا ریکارڈ زیادہ اہمیت کا حامل ہے؟ دونوں بلے بازوں نے کتنی گیندیں کھیلیں؟ کون سے مشکل بولرز کا سامنا کیا؟ کن کنڈیشنز میں یہ چھکے لگائے گئے؟
اس معاملے پر بھی بحث جاری ہے کہ کس کھلاڑی نے کتنے میٹر لمبے چھکے لگائے۔
نہ صرف عام صارفین بلکہ دونوں ممالک کے سابق کھلاڑی بھی اس پر بات کر رہے ہیں۔ کون کیا کہہ رہا ہے، یہ جاننے سے پہلے دیکھتے ہیں کہ دنیائے کرکٹ میں ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ ون ڈے کرکٹ میں زیادہ چھکے مارنے والے کھلاڑی کون سے ہیں۔
پاکستان کی ٹرائی سیریز میں فتح مگر سوشل میڈیا پر فاف ڈو پلیسی کے چرچے کیوں؟’انڈین کرکٹ کا حال بہت گھمبیر ہے‘: جنوبی افریقہ 25 برس بعد انڈیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب معاذ صداقت: ایشیا کپ رائزنگ سٹارز میں انڈیا کے خلاف مین آف دی میچ بننے والے آل راؤنڈر جو ’فیل ہونے سے نہیں ڈرتے‘آٹھ گیندوں پر آٹھ چھکے اور صرف نو منٹ میں نصف سنچری بنانے والے انڈین کھلاڑی کون ہیں؟سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ٹاپ ٹین بلے باز
کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے روہت شرما اور شاہد آفریدی کے بعد ’یونیورسل باس‘ کہلائے جانے ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کا نمبر آتا ہے۔
کرس گیل نے 301 میچز کی 294 اننگز میں 331 چھکے لگائے۔ چوتھے نمبر پر سری لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا ہیں جنھوں نے 445 ون ڈے میچز کی 433 اننگز میں 270 چھکے لگائے۔
پانچواں نمبر سابق انڈین کپتان ایم ایس دھونی کا ہے جنھوں نے 350 میچز کی 297 اننگز میں 229 چھکے لگائے۔ چھٹے نمبر پر سابق انگلش کپتان این مورگن ہیں، جنھوں نے 248 میچز کی 230 اننگز میں 220 چھکے لگائے۔
ساتواں نمبر جنوبی افریقن بلے باز اے بی ڈویلیئرز کا ہے جنھوں نے 228 میچز کی 218 اننگز میں 204 چھکے لگائے۔
سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم 260 میچز کی 228 اننگز میں 200 چھکے لگا کر آٹھویں نمبر پر ہیں جبکہ نواں نمبر ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کا ہے جو 463 میچز کی 452 اننگز میں 195 چھکے لگا چکے ہیں۔ دسویں نمبر پر سابق انڈین کپتان سوراو گنگولی ہیں، جنھوں نے 311 میچز کی 300 اننگز میں 190 چھکے لگائے ہیں۔
Getty Imagesروہت شرما 277 میچز کی 269 اننگز میں 352 چھکے لگا کر اب ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئے ہیں
اتوار کو روہت شرما کی جانب سے یہ ریکارڈ توڑے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر انڈین صارفین جہاں روہت شرما کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں تو وہیں پاکستانی صارفین شاہد آفریدی کے چھکوں کو یاد کر رہے ہیں۔
سابق انڈین فاسٹ بولر اٹل واسن کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی اور روہت شرما کے چھکوں کا موازنہ کرنا ’سنگتروں اور سیب کو آپس میں ملانے جیسا ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’روہت شرما اوپنر ہیں اور دُنیا کے بیشتر اوپنر اپنی وکٹ بچانے کے لیے محتاط انداز میں کھیلتے ہیں۔ لیکن روہت شرما، جارحانہ انداز اپناتے رہے ہیں اور اُن کے اسی انداز کی وجہ سے انڈیا کی ٹیم کئی میچز اپنے نام کرتی رہی ہے۔‘
وہ کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی ’نچلے نمبروں پر اُس وقت بلے بازی کے لیے آتے تھے، جب تیز کھیلنا ٹیم کی ضرورت ہوتی تھی۔‘
سمیر ہاشمی نامی لکھتے ہیں کہ روہت شرما نے یہ ریکارڈ، شاہد آفریدی کے مقابلے میں 100 اننگز کم کھیل کر بنایا۔ اُن کا آسان انداز، بہترین ٹائمنگ اور طاقت ور شاٹس کو خوبصورت بنانے کی صلاحیت ہی اُنھیں باقیوں سے ممتاز کرتی ہے۔ ’امید ہے کہ وہ 400 سے زیادہ چھکے لگا کر اپنے کریئر کو الوداع کہیں گے۔‘
فرید خان لکھتے ہیں کہ روہت شرما نے ’شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ یہ دیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔‘
پاکستانی سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی شاہد آفریدی کے چھکوں کو زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فرق یہ ہے کہ شاہد آفریدی نے روہت شرما کے مقابلے میں بہت کم گیندیں کھیلیں۔‘
روہت شرما نے اب تک اپنے ون ڈے کریئر میں 12 ہزار 321 گیندوں کا سامنا کیا جبکہ شاہد آفریدی نے آٹھ ہزار 64 گیندیں کھیلی ہیں۔
وکاس کمار سنگھ کہتے ہیں کہ شاہد آفریدی ہر گیند پر بلا گھما دیتے تھے۔ ’یہی وجہ ہے کہ روہت شرما نے اُن کے مقابلے میں 100 کم اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔‘
شاہد آفریدی کا دفاع کرتے ہوئے کبیر نے لکھا کہ شاہد آفریدی ’پنچ ہٹر تھے، اگر اُن کا روہت شرما سے موازنہ کرنا ہے تو یہ بھی بتائیں کہ روہت شرما نے کتنے وکٹیں حاصل کی ہیں؟‘
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے ون ڈے کرکٹ میں 395 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
جب ’ٹرولز‘ سے تنگ آ کر لالہ کو وضاحت دینا پڑی: ’عمران بھائی سے متاثر ہو کر کرکٹ شروع کی‘عرفان پٹھان کا متنازع انٹرویو اور شاہد آفریدی پر حاوی ہونے کا دعویٰ: ’لالہ کبھی پیچھے نہیں ہٹا‘سعید انور: بولرز کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ بننے والے اوپنر جو عمران خان کی طرح کرکٹ کی دنیا چھوڑنا چاہتے تھےدنیا کا ’تیز ترین‘ پاکستانی بولر جو صرف پانچ ٹیسٹ میچ ہی کھیل پایامحمد آصف: وہ ’جادوگر‘ بولر جس کی انگلیوں نے عظیم ترین بلے باز نچا ڈالےپاکستان کرکٹ کا وہ ’ہتھیار‘ جس کے یارکرز سے بچنے کے لیے سٹیل کیپس پہننے کا مشورہ دیا گیا