’پاکستان کے حملے میں تین کھلاڑی ہلاک‘، افغان کرکٹ بورڈ سہ ملکی سیریز سے دستبردار

اردو نیوز  |  Oct 18, 2025

پاکستان کے افغانستان پر حملے میں تین مقامی کھلاڑی ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد کابل نے ٓآئندہ ماہ ہونے والی سہ فریقی کرکٹ سیریز سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ میچ میں شرکت کے لیے کھلاڑی پاکستان کی سرحد پر واقع شمالی صوبہ پکتیکا کے شہر ارگون سے شارانہ آئے تھے، واپس جاتے ہوئے پاکستان کے حملے کا نشانہ بنے۔ 

دوسری جانب پاکستان کے سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فورسز نے افغانستان کی سرحد کے قریب تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حافظ گل بہادر گروپ کے ٹھکانوں کو ’انتہائی درستی سے فضائی حملوں کا نشانہ‘ بنایا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں کبیر، صبغت اللہ اور ہارون شامل ہیں تاہم حملے کی تفصیل نہیں دی۔حملے میں پانچ دیگر شہریوں کی ہلاکت اور سات کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’افغانستان کی سپورٹس کمیونٹی، ایتھلیٹس اور کرکٹ فیملی کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔‘

افغان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ ’متاثرین کے احترام میں‘ پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی سہ فریقی سیریز نہیں کھیلیں گے۔

افغان کرکٹ ٹیم کے قومی کھلاڑی محمد نبی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ ’یہ واقعہ صرف پکتیکا کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری افغان کرکٹ فیملی اور قوم کے لیے ایک سانحہ ہے۔‘

کھلاڑی ارشد خان نے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا ’حالیہ پاکستانی فضائی حملوں میں افغان شہریوں کی ہلاکت پر گہرا دکھ اور افسوس ہے۔ یہ ایک المناک واقعہ ہے جس میں خواتین، بچے اور وہ نوجوان کرکٹرز جان کی بازی ہار گئے جو عالمی سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کا خواب دیکھتے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ قیمتی اور معصوم جانوں کے ضیاع کے ردعمل میں افغانستان کرکٹ بورڈ کے پاکستان کے خلاف آئندہ میچز سے دستبردار ہونے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

’اس مشکل وقت میں میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں، ہماری قومی عزت و وقار ہر چیز سے مقدم ہے۔‘

Statement of Condolence

The Afghanistan Cricket Board expresses its deepest sorrow and grief over the tragic martyrdom of the brave cricketers from Urgun District in Paktika Province, who were targeted this evening in a cowardly attack carried out by the Pakistani regime.

In… pic.twitter.com/YkenImtuVR

— Afghanistan Cricket Board (@ACBofficials) October 17, 2025

اے ایف پی کے مطابق پاکستان کی جانب  سے یہ فضائی حملے دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کے بعد جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کیے گئے ہیں۔

ایک سینیئر طالبان عہدیدار نے اے ایف پی کو اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے اور پکتیکا صوبے میں تین مقامات پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

پاکستان کا مؤقف ہے کہ حافظ گل بہادر گروپ افغانستان سے متصل شمالی وزیرستان میں واقع ایک فوجی کیمپ پر خودکش حملے میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں سات پاکستانی فوجی اور پیرا ملٹری اہلکار جان سے گئے تھے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More