اگر آپ خوفناک فلموں کے شوقین ہیں تو نیٹ فلکس نے آپ کے لیے ایسی فہرست تیار کی ہے جنہیں آپ آرام سے بیٹھ کر نہیں دیکھ سکیں گے۔
شوبز ویب سائٹ پنک ولا کی رپورٹ میں اس فہرست میں شامل پانچ فلموں کی نشاندہی کی گئی ہے، ان میں نفسیاتی خوف کے علاوہ مافوق الفطرت قسیم کے پراسرار اور دل دہلا دینے والے مناظر ہیں۔
جرمن فلم ہرک
رواں سال 10 جولائی کو ریلیز ہونے والی جرمن زبان کی اس فلم میں میٹھیس شیویگوفر اور روبی او فی نے نمایاں کردار ادا کیے ہیں جبکہ اس فلم کے ڈائریکٹر فلپ کوچ ہیں۔
فلم ’برک‘ کی کہانی ایک پراسرار دیوار کے پیچھے پھنسے لوگوں کے بارے میں ہے (فوٹو: نیٹ فلکس
اس کی کہانی کچھ یوں ہے کہ فلم کے کردار ٹم اور اولیویا ایک صبح بیدار ہوتے ہیں تو اپنے اپارٹمنٹ کے اردگرد اینٹوں سے بنی ایک مضبوط دیوار پاتے ہیں، اس حصار میں ان کے چند پڑوسیوں کے گھر بھی شامل ہوتے ہے۔
اس کے بعد وہ مل کر اس دیوار کے پار جانے اور وہاں کی صورت حال کا پتہ چلانے کے لیے کوششیں کرتے رہتے ہیں، اس دوران ٹم اور اولیویا کو کچھ نامعلوم قوتوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جیسے جیسے کہانی اگے بڑھتی ہے ساتھ ہی سسپنس بھی آگے بڑھتا جاتا ہے۔ اس میں کئی ایسے مناظر شامل ہیں جو انسان کو اس طرح سے گرفت میں لیتے ہیں کہ دیکھنے والا سمجھتا ہے کہ وہ بھی دیوار کے پیچھے پھنسا ہوا ہے۔
ڈونٹ موو
2024 میں ریلیز ہونے والی فلم بھی ہارر فلموں کی فہرست میں شامل ہے۔ انگریزی زبان کی اس فلم میں فن وٹروک نے مرکزی کردار نبھایا ہے جبکہ ڈائریکٹر ایڈم سکنڈلر اور برائن نیٹو ہیں۔
فلم ‘ڈونٹ موو‘ میں ایک خاتون اور سیریل کلر کے درمیان کشمکش دکھائی گئی ہے (فوٹو: سکرین رینٹ)
یہ فلم آئرس نامی ایک ایسی خاتون کو دکھایا گیا ہے جس کو جنگل میں ایک بے رحم سیریل کلر کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور اس کے پاس فرار ہونے کے لیے صرف 20 منٹ کا وقت ہوتا ہے کیونکہ اس کے بعد اس نے گر جانا ہوتا ہے۔
اس سے قبل وہ فالج سے بچاؤ کا ایک انجکشن لگواتی ہے اور اس کا اثر 20 منٹ تک رہتا ہے، اس دوران ہی اس کو سیریل کلر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اپنی بقا کی جنگ کے لیے لڑی جانے والی یہ لڑائی انتہائی تھرلنگ ہے اور دیکھنے والے بھی خوف کا شکار رہتے ہیں۔
اِن دی ٹال گراس
فہرست کی تیسری فلم ’ان دی ٹال گراس‘ میں نمایاں کردار ہیریسن گلبرسٹن اور لیسلا ڈی اولیویرا نے ادا کیے ہیں اور ڈائریکٹر ونسینزو نتالی ہیں۔ انگریزی زبان کی یہ فلم 2019 میں ریلیز ہوئی تھی۔
’ان دی ٹال گراس‘ ایک پراسرار کھیت سے متعلق ہے (فوٹو: نیٹ فلکس)
سٹیفن کنگ اور جو ہل کے ناول پر مبنی اس فلم میں بہن بھائی کی کہانی دکھائی گئی ہے جو ایک بچے کی چیخ سننے کے بعد ایک کھیت میں داخل ہوتے ہیں اور تب انہیں احساس ہوتا ہے کہ ان کے پاس اب باہر نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔
اس کے بعد فلم میں کچھ مافوق الفطرت قوتیں بھی داخل ہوتی ہیں اور پھر خوف اور تجسس کا نیا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔
پراسرار فلم سمائل
یہ نام ہے فہرست میں شامل اگلی فلم کا جو کہ 2022 میں ریلیز ہوئی تھی اس کے نمایاں اداکاروں میں سوسی بیکن اور ٹی اوشر شامل ہیں جبکہ ڈائریکٹر پارکر فلن ہیں۔
’سمائل‘ میں ایک پراسرار مسکراہٹ ایک نفسیات دان کا پیچھا کرتی رہتی ہے (فوٹو: نیٹ فلکس)
یہ کہانی ہے ایک ایسے نفسیات دان کی جو ایک مریض کی خودکشی کے بعد ایسی کشمکش کا شکار ہو جاتا ہے جس میں ایک ہنستی ہوئی شخصیت اس کا پیچھا کرتی ہے۔ جیسے ہی وہ اس معاملے کو سلجھانے کی کوشش کرتے ہیں تو اس ہنستی ہوئی شخصیت سے ان کے ماضی کا بھی تعلق نکل آتا ہے۔
سسپنس سے بھرپور مناظر رکھنے والی یہ فلم دیکھنے والے کو دم بخود کیے رکھتی ہے۔
اَنٹِل ڈان
یہ فلم بھی تجسس اور خوف کے احساسات سے بھرپور ہے۔ 2025 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں اریلا روبن اور مائیکل سیمینو نے کام کیا ہے اور ڈائریکشن ڈیوڈ ایف سینڈبرگ کی ہے۔
فلم ’اَنٹِل ڈان‘ میں اریلا روبن اور مائیکل سیمینو نے نمایاں کردار نبھائے ہیں (فوٹو: نیٹ فلکس)
فلم میں چند دوستوں پر مشتمل ایک ایسے گروپ کو دکھایا گیا ہے جو ٹائم لوپ میں پھنس جاتا ہے اور اسی رات ہی ان کو کچھ پراسرار دشمنوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فلم کا سب سے زبردست مرحلہ وہ ہے جب ان کو پتہ چلتا ہے کہ اس صورت حال سے نکلنے کے لیے انہیں ہر حال میں روشنی ہونے تک خود کو زندہ رکھنا ہے۔
اس فلم میں ہارر مناظر تو ہیں، تاہم خوف کے کچھ ایسے نفسیاتی پہلو بھی شامل کیے گئے ہیں جو دیکھنے والے کو آرام سے بیٹھنے نہیں دیتے۔