بالی وڈ اداکارہ اکشے کمار نے نئے اداکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کبھی بھی کسی پروڈیوسر کے ساتھ تین فلموں کا معاہدہ نہ کریں۔انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایک حالیہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے تجربہ کار اداکار نے آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی سیریز ’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ کی مثال دیتے ہوئے وضاحت کی کہ نئے آنے والے فنکاروں کو اپنے معاہدوں پر دستخط کرتے وقت کس حد تک محتاط رہنا چاہیے۔
میزبان شاہ رخ خان کے سوال پر کہ وہ نئے اداکاروں کے لیے کیا نصیحت کرنا چاہیں گے، اکشے نے بلا جھجک کہا کہ ’میں صرف ایک بات کہنا چاہتا ہوں، تمام نئے آنے والے اداکاروں سے، کہ کبھی کسی پروڈیوسر کے ساتھ تین فلموں کا معاہدہ مت کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آریان خان کی سیریز دیکھ کر بخوبی سمجھا جا سکتا ہے کہ ایک نئے اداکار کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اکشے کمار نے کہا کہ ’آپ نے دیکھا ہوگا ’دی بیڈز آف بالی وڈ‘ میں ہمارے ہیرو کے ساتھ کیا کچھ ہوتا ہے۔ یہ فلم بخوبی دکھاتی ہے کہ ایک نئے اداکار کو کیا کرنا چاہیے اور کیا نہیں۔‘پھر کرن جوہر کی طرف دیکھتے ہوئے وہ ہنس کر بولے کہ ’تین فلموں کا معاہدہ مت کرو۔ نئے اداکار کو آزادی دو، اُسے بھاگنے دو۔ جیسے کہا جاتا ہے کہ اگر وہ تمہارا ہے تو واپس آ جائے گا۔‘اکشے کمار نے کہا کہ آریان خان کی سیریز دیکھ کرسمجھا جا سکتا ہے کہ ایک نئے اداکار کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)ان کی بات پر شاہ رخ اور کرن دونوں ہنس پڑے۔اکشے نے اپنی فلموں کے انتخاب کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ پیسہ پیسے کو کھینچتا ہے، اور کام بھی پیسے کو کھینچتا ہے۔ کوئی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا۔ کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ مجھے فلم کی کہانی پسند آتی ہے مگر میرا کردار چھوٹا ہوتا ہے، پھر بھی میں وہ فلم کر لیتا ہوں کیونکہ مجھے پتہ ہوتا ہے کہ فلم اچھی ہے اور میں تاریخ کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔‘