بالی وڈ کی سینیئر اداکارہ جیا بچن اپنے غصیلے انداز کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔ کبھی وہ پاپارازیوں (ایسے فوٹو جرنلسٹ جو لوگوں کا تعاقب کرتے ہیں اور مرضی کے ساتھ یا چُھپ کر ان کی تصاویر بناتے ہیں) پر گرجتی برستی نظر آتی ہیں تو کبھی اپنے ساتھ سیلفی لینے کے خواہش مند فینز کو جھرکتی دکھائی دیتی ہیں۔
حال ہی میں ایک مشہور بھوجپوری اداکار دنیش لال یادو نے انکشاف کیا ہے کہ شوٹنگ کے دوران جیا بچن نے انہیں چھڑی سے پیٹا تھا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دنیش لال یادو جنہیں نرہُوا کے نام سے جانا جاتا ہے، نے سدھارتھ کنن کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے فلم گنگا دیوی (2012) کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے اس واقعے کا ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ اس فلم میں جیا بچن اُن کی والدہ کا کردار نبھا رہی تھیں اور ایک سین میں انہیں مارنا تھا لیکن انہوں نے حقیقت میں انہیں ’زور سے مارا۔‘دنیش لال یادو نے بتایا کہ ’ایک سین میں مجھے اپنی آن سکرین بیوی کو تھپڑ مارنا تھا اور جیا جی، جو میری ماں کا کردار نبھا رہی تھیں، انہیں مجھے ڈانٹنا اور چھڑی سے مارنا تھا۔‘اداکار کے بقول ’لیکن انہوں نے ڈرامہ کرنے کے بجائے مجھے سچ میں مارا اور زور سے مارا! وہ بہت غصے والی ہیں۔‘نرہُوا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے مجھے کئی بار مارا، اور میں نے کہا آپ واقعی مار رہی ہیں تو وہ بولیں کہ پھر تم نے میری بہو کو کیوں مارا؟ میں نے کہا وہ تو اداکاری تھی، مگر آپ تو سچ میں مار رہی ہیں۔‘دنیش لال یادو جیا بچن کے ساتھ کام کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ’آخر کتنے لوگوں کو یہ موقع ملا ہے کہ وہ ایک ہی فلم میں امیتابھ بچن اور جیا بچن دونوں کے ساتھ کام کریں۔‘