انسداد دہشت گردی عدالت پشاور نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو ایک اور مقدمے میں بری کر دیا۔
یہ مقدمہ دو سال قبل درج کیا گیا تھا جس میں ان پر سابق وفاقی وزیر مراد سعید کو پناہ دینے، پولیس کو زدوکوب کرنے اور فائرنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اسد اللہ خان نے مقدمے کی سماعت کے بعد شواہد ناکافی ہونے پر انہیں باعزت بری کر دیا۔
کامران بنگش نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل سے 18ویں جھوٹے مقدمے میں بھی بریت ہوئی۔ 20 اکتوبر 2023 کو میرے گھر پر چھاپے کے دوران چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور مراد سعید کو پناہ دینے کے بہانے میرے والدین کو ہراساں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ قید و بند اور جھوٹے مقدمات کا ڈٹ کر سامنا کر رہے ہیں اور جبر، ظلم اور جھوٹے مقدمات ہمارا حوصلہ توڑ نہیں سکتے۔