نیپال میں ملک کی پہلی خاتون چیف جسٹس 71 سالہ سشیلا کارکی کےعبوری وزیراعظم کا حلف اٹھانے کے بعد پارلیمنٹ تحلیل اور نئے انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صدر دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے عام انتخابات 5 مارچ 2026 کو ہوں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کرپشن اور سوشل میڈیا پر پابندی کے خلاف عوامی مظاہروں کے نتیجے میں وزیراعظم پہلے ہی مستعفی ہوچکے تھے۔ دارالحکومت کھٹمنڈو میں فوج نے کنٹرول سنبھال رکھا ہے ۔
صدر کے ترجمان کرن پوکھریال نے بتایا کہ پارلیمنٹ کی تحلیل عبوری وزیراعظم کی سفارش پر کی گئی ہے۔ سشیلہ کارکی، جو نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس رہ چکی ہیں، اب عبوری طور پر ایک ماہ کے لیے وزیراعظم کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
یاد رہے کہ نیپال میں گزشتہ دنوں ملک گیر مظاہروں اور ہنگاموں کے باعث کٹھمنڈو سمیت دیگر شہروں میں حالات کشیدہ رہے مظاہروں میں 51 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔مظاہرین نے پارلیمنٹ، صدارتی محل اور مرکزی سیکریٹریٹ پر حملے کیے تھے۔