بڑھاپے میں محبت کیوں نہیں ہوسکتی؟ ماں باپ کو روتے ہوئے دکھانا ٹھیک نہیں ! اسماء عباس نے تصویر کا دوسرا رخ بھی دکا دیا

ہماری ویب  |  Sep 11, 2025

"ہمارے ڈراموں میں والدین صرف فِلر کا کردار بن جاتے ہیں۔ کیا ہماری عمر کے لوگوں کی اپنی کوئی زندگی نہیں؟ بوڑھے لوگوں کی بھی محبت کی کہانیاں ہوتی ہیں اور ان کے پاس زندگی کے بے شمار تجربات ہوتے ہیں۔"

اداکارہ اسماء عباس نے یہ بات اُشنا شاہ کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، جہاں انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری کی ایک بڑی کمی کی نشاندہی کی۔ اسماء عباس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس سال کوئی ڈرامہ سائن نہیں کیا کیونکہ پچھلے برس کیے گئے چند پروجیکٹس کے معیار سے وہ مطمئن نہیں تھیں۔ ان کا ماننا ہے کہ وہ اب صرف ایسے اسکرپٹس کا حصہ بننا چاہتی ہیں جن میں کہانی اور کرداروں کی گہرائی موجود ہو۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ ہمارے ڈراموں میں سینئر کردار صرف پس منظر میں دکھائے جاتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ بڑی عمر کے لوگ بھی محبت کرتے ہیں، خواب دیکھتے ہیں اور اپنی زندگی جیتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بہن بشریٰ انصاری اور سمیعہ احمد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ فنکارائیں ہیں جنہوں نے بڑی عمر میں بھی محبت پائی اور نئی زندگی کی شروعات کی۔

اسماء عباس نے مزید کہا کہ ہمارے ڈرامہ نویسوں کو چاہیے کہ وہ سینئر اداکاروں کے لیے ایسے کردار تخلیق کریں جو نہ صرف باوقار ہوں بلکہ حقیقت کے قریب بھی ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ والدین یا بڑے کرداروں کو صرف روتے ہوئے اور کمزور دکھانا کسی طور درست نہیں، بلکہ انہیں ایسے انداز میں پیش کیا جائے جس سے ناظرین کو نئی جہت اور مثبت سوچ ملے۔

یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی زیرِ بحث ہے اور مداحوں نے اسماء عباس کی رائے کو حقیقت کے قریب قرار دیتے ہوئے اس پر بھرپور اتفاق کیا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More